جموں و کشمیر کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکرٹری و سابق وزیر عبدالمجید وانی نے پارٹی دفتر ڈوڈہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر اُن کے ہمراہ سابق رکن اسمبلی رامبن اشوک کمار، ضلع صدر ڈوڈہ شیخ مجید علی موجود تھے۔ اپنے خطاب میں وانی نے بتایا کہ کانگریس ملک کی قدیم جماعت ہے جبکہ اس کے رہنماؤں کی محنت اور کاوشوں سے ملک نے ترقی کی منازل طے کی ہیں۔ ملک میں جتنے بھی اثاثے قائم ہوئے ہیں وہ سب کانگریس کے دور اقتدار میں بنے ہیں۔
اُنہوں نے بی جے پی حکومت پر ملک کے اثاثوں کو بیچنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے اثاثوں کو بیچنے نہیں دیں گے کیونکہ یہ حکومت مسلسل سرمایہ داروں کے اشاروں پر نجی کاری کو فروغ دے رہی ہے، جس کی وجہ سے ملک کے اقتصادی حالات بدحالی کا شکار ہیں۔ اُنہوں نے نجی کاری کی مخالفت کی اور بی جے پی پر ملک کے تمام وسائل کو ختم کرنے کا الزام عائد کیا۔ جی ایس ٹی نے تمام تاجر پیشہ افراد کو کمزور کردیا۔
وانی نے بتایا کہ کانگریس کے تمام سابق وزرائے اعظم نے ملک کی اقتصادی حالت کو بہتر کرنے میں کامیابی حاصل کی، جب دنیا میں اقتصادی بحران چل رہا تھا اُس وقت بھی منموہن سنگھ نے ملک کی اقتصادی حالت کو مضبوط اور مستحکم بنائے رکھا۔ بی جے پی حکومت، اپنے ہی لوگوں کو غلط اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے گمراہ کررہی ہے۔ اپنے بیان میں اشوک کمار نے بتایا کہ ملک کے اثاثوں کو فروخت کیا جا رہا ہے۔ یہ عوام مخالف پالیسی ہے۔ اس سے ملک کا غریب طبقہ مزید بے روزگاری کا شکار ہو جائے گا۔