کشتواڑ کے دچن ہنزل میں دوران شب بادل پھٹنے سے سات افراد ہلاک جبکہ درجنوں لوگوں کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔ بادل پھٹنے سے علاقے میں زبردست سیلاب آیا ہے جس میں سے کم از کم آٹھ مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ پولیس کے مطابق ابھی تک لاپتہ افراد کی صحیح تعداد معلوم نہیں ہوئی ہے۔
وہیں وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹویٹ میں کہا کہ" کشتواڑ اور کرگل میں بادل پھٹنے کے بعد مرکزی حکومت صورتحال پر کڑی نظر بنائے رکھے ہے۔ متاثرہ علاقوں میں ہر ممکن مدد فراہم کی جارہی ہے۔ میں ہر ایک کی سلامتی اور خیریت کے لئے دعا گو ہوں۔"
اس حادثے کے بعد مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ٹویٹ کیا کہ "میں نے کشتواڑ (جموں و کشمیر) میں بادل پھٹنے کے بارے میں جموں و کشمیر کے ایل جی اور ڈی جی پی سے بات کی ہے۔ ایس ڈی آر ایف، فوج اور مقامی انتظامیہ امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ این ڈی آر ایف بھی وہاں پہنچ رہی ہے۔ ہماری ترجیح یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ زندگیاں بچائی جائیں۔ میں سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتا ہوں۔"
تازہ اطلاعات کے مطابق بادل پھتنے سےچھہ مکانوں اور ایک راشن ڈپو کو نقصان پہنچا۔ علاقے میں تقریباً 25-26 مقامی افراد لاپتہ ہیں۔ اب تک 05 افراد کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں وہیں 12 زخمیوں کو اب تک بازیاب کرایا گیا ہے۔