چھتیس گڑھ بھیلائی کی رہنے والی شردھا ساہو نے ماحول کو پلاسٹک سے پاک بنانے کے لیے ایک انوکھا قدم اٹھایا ہے۔ وہ گزشتہ دو برسوں سے اپنا 'اسٹیل برتنوں کا بینک' بنا رہی ہیں۔
پلاسٹک کے استعمال کو روکنے کے لیے 'اسٹیل کے برتنوں کا بینک' وزیر اعظم نریندر مودی نے 2019 کے یوم آزادی کے موقع پر سنگل یوز پلاسٹک کا استعمال بند کرنے کی اپیل کی تھی۔
تاہم شردھا وزیراعظم کی اپیل سے پہلے ہی پلاسٹک سے ہونے والی آلودگی کی روک تھام کے لیے کام کر رہی ہیں۔
ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کرتے ہوئے شردھا ساہو نے کہا کہ 'وہ خصوصی کاموں اور تقریبات کے لیے اسٹیل کے برتنوں کو ادھار کے طور پر دیتی ہیں لیکن وہ اس کے پیسے نہیں لیتی ہیں۔
لوگ نہ صرف بھیلائی بلکہ آس پاس کے اضلاع سے بھی شردھا سے رابطہ کرتے ہیں۔
شردھا کا کہنا ہے کہ 'برتن لینے والے لوگ انہیں اچھی حالت میں لوٹاتے ہیں۔ برتن صاف اور دھلےہوئے ہوتے ہیں۔'
شردھا گھریلو خاتون ہیں، ان کی کوشش ہوتی ہے کہ لوگ سنگل یوز پلاسٹک کے برتنوں کا کم استعمال کریں۔
شردھا کو اسکولز میں بھی مدعو کیا جاتا ہے تاکہ وہ بچوں کو سنگل یوز پلاسٹک کے مضر اثرات سے واقف کرائیں۔
شردھا کا یہ قدم نوجوانوں کے لیے ایک مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اگرچہ یہ ایک چھوٹا سا قدم ہے لیکن یہ پلاسٹک سے پاک ہندوستان کی طرف ایک متاثر کن قدم کے مترادف ہے۔