سمر سماج پارٹی کے صدر اور سابق مرکزی وزیر ناگ منی نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد ہی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر بیرسٹر اسد الدین اویسی کے ساتھ مل کر بہار میں نئے سیاسی اتحاد کی تشکیل کریں گے اور ساتھ مل کر مرکز ی حکومت کے متنازع قانون کے خلاف تحریک تیز کی جائے گی۔
سمر سماج پارٹی کے روح رواں اور سابق مرکزی وزیر ناگمنی نے ای ٹی وی بھارت کو بتایاکہ 'جلد ہی وہ اسدالدین اویسی کے ساتھ مل کر ایک نئی سیاسی تحریک چلانے کے ساتھ ہی نئے اتحاد کی تشکیل کریں گے اس کا اعلان جلد ہی پٹنہ کے گاندھی میدان میں ایک ریلی دوران کیا جائے گا'۔
سابق مرکزی وزیر ناگ منی نےکہا کہ' مرکز نے یہ جو متنازعہ قانون پیش کیا ہے یہ ملک کے تمام پسماندہ طبقوں اور غریبوں کے خلاف ہے، یہ صرف مسلمانوں کی لڑائی نہیں ہے، ہم سب مل کر اس کے خلاف لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ' آج جو مسلمانوں کے اندر غصہ ہے اس کی وجہ صرف یہ قانون نہیں ہے مسلمانوں کے حقوق کے تعلق سے کسی سیکولر سیاسی پارٹی نے مخالفت نہیں کی، تین طلاق، دفعہ370 ختم کردیا گیا۔ بابری مسجد کو مسمار کردیا گیا، کسی سیکولر پارٹی نے اس کے خلاف آواز نہیں اٹھائی، واحد ایک رہنما اسدالدین اویسی نے اس کے خلاف آواز اٹھائی اور انہوں نے اس کالے قانون کی کاپی پارلیمنٹ کے اندر پھاڑی'