بہار میں آندھی اور آسمانی بجلی کے سبب 23 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ فصلوں اور پھلوں کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔
پٹنہ سمیت ریاست کے مختلف اضلاع میں گزشتہ روز آئی آندھی اور بارش نے بہار میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ کئی اضلاع میں 50 سے 60 کلومیٹر کی رفتار سے چلی تیز ہوائوں کے دوران بجلی گرنے سے 23 افراد ہلاک ہوگئے۔
محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی جانب سے تفصیلات فراہم کی گئیں؛ ہلاک ہونے والوں میں پٹنہ کے تین افراد شامل ہیں۔ جن میں دلہن بازار کے 2 اور باڑھ کا 1 شخص شامل ہے، جبکہ گیا، جہاں آباد اور کٹیہار میں 2-2اور روہتاس، شیخوپورہ، جموی ارول، اور نالندا میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔ جہاں آباد، نالندہ، شیخوپورہ میں بجلی کی زد میں آنے سے ایک ایک شخص بری طرح جھلس گئے ہیں۔
دوسرے اضلاع سے موصولہ اطلاع کے مطابق سیتامڑھی میں 2-اور دربھنگہ، سہرسہ، بانکا اور سیوان میں آسمانی بجلی کی زد میں آنے سے 1-1شخص ہلاک ہوئے ہیں۔ سمستی پور میں آسمانی بجلی کی زد میں آنے سے تین افراد ہلاک ہوئے۔
گزشتہ روز آئی آندھی اور بارش کے دوران تقریبا 50 سے 60 کلومیٹر کی رفتار سے تیز ہوائیں چلیں جس کی وجہ سے شہر اور آس پاس کے کئی علاقوں میں افرتفری مچ گئی۔ بارش کی وجہ سے پٹنہ سمیت مختلف شہروں میں دن کے درجہ حرارت میں 3 سے 4 ڈگری کی گراوٹ درج کی گئی۔ پٹنہ کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 , گیا کا. 31.8 بھاگلپور کا 30.4 اور پورنیا کا 31.6 ڈگری درج کیا گیا۔
ریاست کے چار شہروں - بھاگلپور میں 47 ملی میٹر، پٹنہ میں 21 ملی میٹر، گیا میں 13 ملی میٹر اور پورنیہ میں 34 ملی میٹر بار ش درج کی گئی۔