کیمور: وزیر اعلی نتیش کمار کی بڑی اسکیموں میں سے ایک 'نل جل' اسکیم کا فائدہ عام لوگوں تک نہیں پہنچ رہا ہے۔ بہار کے ضلع کیمور میں آج بھی ایک بڑی آبادی صاف پانی سے محروم ہے۔ عالم یہ ہے کہ اس اسکیم پر کہیں زور آور تو کہیں عوامی نمائندوں کا ہی قبضہ ہے۔ کاغذی طور پر یہ اسکیم صد فیصد کامیاب ہے، لیکن زمینی حقیقت کچھ اور ہی ہے۔
کیمور ضلع کے درگاٶتی، رامگڑھ، بھگوان پور، بھبھوا کے بلاک علاقہ کی بات کی جائے تو سبھی مقامات پر حقیقت ایک جیسی ہی ہے۔
ضلع کے ان بلاکز کے علاوہ چین پور، ادھورا اور بھگون پور ایسا بلاک ہے، جو پوری طرح سے جنگل اور پہاڑ پر آباد ہے۔ ان علاقوں میں پانی ایک بہت بڑا مسئلہ ہے، یہاں تین سو سے ڈھائی سو فٹ کی گہرائی میں پانی دستیاب ہے، جہاں پینے کے لیے صاف پانی آج بھی ایک سنگین مسئلہ ہے۔
مزید ادھورا، بھگوان پور اور چین پور کے درجنوں گاٶں ایسے ہیں۔ جہاں کے لوگ پوری طرح سے آرسینک پانی پینے پرمجبور ہیں۔ پانی کی قلت کا عالم یہ ہے کہ انسان و جانور کے لیے موسم گرما میں پینے کے لیے پانی ایک بڑا مسٸلہ ہے۔نہ جانے کتنے جانور بے موت پانی کی کمی کے سبب موت کا شکار ہو جاتے ہیں۔