ارریہ ضلع میں محکمۂ صحت کی جانب سے عوام کو کورونا ویکسین کے لئے سامنے آنے اور ویکسین سے متعلق معلومات فراہم کرنے کی غرض سے منگل کو 'بیداری رتھ' کا آغاز کیا گیا۔
بیداری رتھ میں ارریہ کے الگ الگ بلاک و پنچایتوں میں گھوم کر ویکسین لینے سے متعلق عوام کو بیدار کیا جائے گا۔ بیداری رتھ کو ضلع کلکٹر پرشانت کمار ،ڈی ڈی سی منوج کمار، سول سرجن ڈاکٹر سریش پرساد، ضلع پروگرام آفیسر ڈاکٹر ریحان اشرف اور ڈی پی آر او دلیپ سرکار نے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
اس موقع پر ضلع کلکٹر پرشانت کمار نے کہا کہ ارریہ میں اب تک ایک لاکھ دس ہزار لوگوں کو کورونا کا ٹیکہ دیا جا چکا ہے جو نا کافی ہے، لوگوں میں ویکسین لینے سے متعلق اب بھی ایک خوف ہے جسے دور کرنے کے لیے آج سے ضلع کے 9 بلاک میں الگ الگ بیداری مہم رتھ چلیں گے۔