تمام بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے ارادے سے ریاست اتر پردیش نوئیڈا کے آئی ٹی ایس انجینئرنگ کالج کے سردار پٹیل آڈیٹوریم میں شعبہ تعلیم کی جانب سے ای ایل ٹی ’انگلش لینگویج ٹیچنگ ‘کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
کانفرنس میں اساتذہ کی طرف سے انگریزی زبان کی تعلیم میں آنے والے چیلنجیز کو پیش کیا گیا۔
سرکاری اسکول میں انگلش لینگویج ٹیچنگ کے موضوع پر کانفرنس اس قسم کا پروگرام اترپردیش میں پہلی بار منعقد کیا گیا ہے، جو گوتم بدھ نگر کے لیے ایک تاریخی دن بن گیا۔
جدید دور میں انگریزی کے بغیر جدید علوم تک رسائی ممکن نہیں ہے، ا سی تناظر میں یہ پروگرام عمل میں آیا ۔
ای ایل ٹی (انگلش لینگویج ٹیچنگ) پروگرام کو آگے بڑھایا جائے گا اور وقت وقت پر ایسے پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ سرکاری اسکولوں میں پڑھنے والے بچوں کو انگریزی کا اچھا علم حاصل ہو سکے اور سرکاری تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔
پروگرام کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ گوتم بدھ نگر کے بی این سنگھ رہے اس کے علاوہ پروگرام میں سابق چیف سیکرٹری پی شرما ریٹائرڈ آئی اے ایس، چیف ترقیاتی افسر انل کمار سنگھ، ڈائٹ پرنسپل سنجے اپادھیائے اور ڈی آئی نیرج کمار پانڈے بھی موجود رہے۔
پروگرام میں مہمان خصوصی ضلع مجسٹریٹ گوتم بدھ نگر بی این سنگھ نے بی ایس اے بال مکند پرساد کی تعلیمی شعبہ میں کی جا رہی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے اس قسم کے پروگرام کو مستقبل میں جاری رکھنے کے لیے کہا۔