کچھ ہسپتال تو ایسے ہیں جو پہلے ہی لاکھوں روپے ایڈوانس لے کر مریض بھرتی کر رہے ہیں۔ ان شکایات کی نوٹس لیتے ہوئے گوتم بودھ نگر کے ضلع مجسٹریٹ سہاس ایل وائی کے ذریعہ ایک حکم جاری کیا گیا ہے۔
زیادہ رقم وصول کرنے پر ہسپتال کے خلاف کارروائی ہوگی - بیڈ کی شدید قلت
نوئیڈا اور گریٹر نوئیڈا کے کچھ نجی ہسپتالوں نے اس جان لیوا وبائی دور میں بھی لوٹ کھسوٹ مچا رکھی ہے۔ ضلع انتظامیہ اور محکمہ صحت کو مسلسل شکایات مل رہی ہیں کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے علاج کے بدلے ہسپتال کثیر رقم وصول کر رہے ہیں۔
ڈی ایم نے کہا ہے کہ اگر حکومت کی طرف سے مقرر کردہ نرخوں پر عمل نہیں کیا گیا اور مزید رقم لی گئی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔ ڈی ایم نے واٹس ایپ نمبر بھی جاری کیا ہے۔ لوگوں سے اس واٹس ایپ نمبر پر اسپتال کی بل بھیجنے کی اپیل کی ہے۔ زیادہ رقم وصول کرنے والے اسپتال کے خلاف ایپیڈیمیک ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی جائے گی۔
ڈی ایم سہاس ایل وائی نے کہا کہ اب تک شہر کے 23 ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے علاج کی اجازت دی گئی ہے۔ گذشتہ کئی دنوں سے یہ شکایات موصول ہورہی ہیں کہ نوئیڈا اور گریٹر نوئیڈا کے نجی اسپتال کووڈ 19 کا علاج کر رہے ہیں اور مقررہ نرخوں سے زیادہ پیسہ وصول کر رہے ہیں ۔حکومت اور ضلع انتظامیہ نے تمام ہسپتالوں کے علاج کی شرحیں طے کردی ہیں۔ ان نرخوں سے زیادہ وصول کرنا قانونی جرم ہے۔ واٹس ایپ نمبر (9354357073) شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری کیا گیا ہے۔ اگر نجی ہسپتال نے مریض سے زیادہ رقم لی ہے تو اس واٹس ایپ نمبر پر بل بھیجیں۔
ڈی ایم نے مزید کہا کہ "اس طرح کے ہسپتال کے خلاف ایپیڈیمیک ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ ہسپتال انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ پچھلے 2 ہفتوں سے ضلع میں علاج کے لئے بیڈ کی شدید قلت ہے۔ ایسی صورتحال میں نجی اسپتال کے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کی بے بسی کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ ایسی شکایات ملنے کے بعد ڈی ایم نے یہ قدم اٹھایا ہے۔