راجستھان میں میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے پروگرام کا اعلان ہوتے ہی ناگور ضلع سے مسلم تنظیم خدمت خلق نوجوان ترقی کمیٹی نے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت کو ایک خط لکھا ہے۔
جس میں ناگور نگر پریشد سے مسلم خاتون کو چیئرپرسن بنائے جانے کا مطالبہ کیا گیا ہے، خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ حال ہی میں جے پور، جودھ پور اور کوٹہ میں بلدیاتی انتخابات مکمل ہوئے ہیں، لیکن ان مقامات پر مسلم میئر نہیں بنائے جانے کی وجہ سے کانگریس کے خلاف مسلم عوام کی جانب سے ناراضگی ظاہر کی جارہی ہے۔
وزیراعلیٰ اشوک گہلوت کو خط مسلم تنظیم خدمت خلق نوجوان ترقی کمیٹی کے مطابق راجستھان کا ضلع ناگور بھی مسلم اکثریتی علاقوں میں شمار ہوتا ہے، اس لیے ہم حکومت راجستھان اور کانگریس پارٹی سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کے اس مرتبہ ہم لوگوں کو مایوس نہ کیا جائے اور جس طرح سے ہم لوگ کانگریس کو حمایت دیتے ہیں اسی کے مطابق یہاں پر مسلم چیئرپرسن بنایا جائے۔
تنظیم نے مزید کہا کہ اگر مسلم چیئرپرسن کا اعلان جلد نہیں کیا جاتا تو کانگریس کے خلاف ہم لوگ بھی احتجاج کریں گے۔
واضح رہے کہ راجستھان کے متعدد مقامات پر میونسپل کارپوریشن کے انتخابات جنوری ماہ میں مکمل ہونے ہیں، انتخاب کے نتائج بھی جنوری ماہ میں ہی آجائیں گے، 28 جنوری کو ایک مرحلے میں ہی ووٹنگ ہوگی جبکہ 31 جنوری کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔