اردو

urdu

ETV Bharat / city

مہاراشٹر کی سیاست میں ہلچل

سنجے راوت اور دیوندر فڑنویس کی ملاقات کے بعد سیاسی سرگرمی تیز ہو گئی ہے۔

Sanjay Raut meet in Mumbai
Sanjay Raut meet in Mumbai

By

Published : Sep 27, 2020, 7:42 PM IST

مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی دیوندر فڑنویس اور شیوسینا کے ترجمان سنجے راوت کےمابین ہونے والی ملاقات کے ساتھ مہاراشٹر میں سیاسی سرگرمی تیز ہوگئی ہیں۔

حزب اختلاف کے رہنما دیوندر فڑنویس اور شیوسینا کے ترجمان سنجے راوت کی گزشتہ دنوں ہونے والی ملاقات سے مہاراشٹر کی سیاست میں ہلچل پیدا ہوگئی ہے۔ اس ملاقات کے بعد آج سرکاری رہائش گاہ ’’ورشا‘‘ پر ہنگامی طور پر این سی پی کے سینئر رہنما شردپوار اور ریاستی وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کے مابین ہونے والی میٹنگ تقریباً کم و بیش ایک گھنٹے تک جاری رہی۔

اس ملاقات میں کون سے موضوعات زیر بحث تھے؟ سنجے راوت اور دیویندر فڑنویس ملاقات کے بعد پیدا ہونے والی مہاوکاس آگھاڑی میں بے چینی کے تدارک کے لئے کیا لائحہ عمل ترتیب دیا گیا؟
تادم تحریر وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے اور شرد پوار کے درمیان وزیر اعلی کی سرکاری رہائش گاہ ورشا پر ہونے والی میٹنگ میں کیا کیا باتیں ہوئیں یہ معلوم نہیں ہو سکیں لیکن سیاسی حلقوں میں یہ ملاقات اس شدت سے محسوس کی گئی کہ شیوسینا کے ترجمان کو وضاحت کرنا پڑی کہ 'میں نےسابق وزیر اعلی دیویندر فڑنویس سے ملاقات کی جس میں کچھ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وہ مہاراشٹر میں اپوزیشن لیڈر ہیں اور بہار میں ہونے والے انتخابات میں بی جے پی کے انچارج بھی ہیں۔

ہمارے درمیان نظریاتی اختلافات ہوسکتے ہیں لیکن ہم دشمن نہیں ہیں۔ اس ملاقات سے مہاراشٹر کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے بھی واقف تھے۔ یہ ملاقات صرف اور صرف سامنا میں انٹرویو کے لئے کی گئی۔ اتنے میں آج اپوزیشن لیڈر دیوندر فڑنویس کو بھی وضاحتی بیان جاری کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ سنجے راوت جی چونکہ شیوسینا کے ترجمان کے ساتھ سامنا کے ایڈیٹر بھی ہیں اس لئے وہ میرا انٹرویو لینا چاہتے تھے۔ اس ملاقات میں کسی بھی سیاسی پہلو پر گفتگو نہیں ہوئی ہے۔
سنجے راوت اور دیویندر فڑنویس کی ملاقات پر اپنا موقف واضح کرتے ہوئے مہاراشٹر بی جے پی کے چیف ترجمان کیشیو اپادھیائے نے کہا کہ اس میٹنگ کا کوئی سیاسی نقطہ نظر نہیں ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ 'راوت دیویندر فڈنویس کا شیوسینا کے ترجمان سامنا کے لئے انٹرویو کرنا چاہتے ہیں۔ بس یہی دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کا باعث بنا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فڑنویس نے راؤت کو بتایا تھا کہ جب وہ بہار کی انتخابی مہم سے واپس آئیں گے تو وہ انٹرویو دیں گے۔
واضح رہے مہاراشٹر میں شیوسینا رہنما سنجے راوت بی جے پی پر مسلسل حملہ کرتے ہیں۔ پھر چاہے یہ شاعری کے انداز میں ہو یا شیو سینا کے قلم کے ذریعے۔ ایسی صورتحال میں دونوں کی ملاقات پرطرح طرح کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔
شیوسینا، این سی پی اور کانگریس کے علاوہ دوست پارٹیوں نے مل کر مہا وکاس آگھاڑی بنا کر اس کے زیر نگراں مہاراشٹر میں حکومت سازی کر رہے ہیں مگر روز اول سے ہی ان کے مابین جاری ہونے والے تنازعات ختم ہونے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔
اب ہفتہ کے روز مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی دیویندر فڑنویس اور شیوسینا کے ممبر پارلیمنٹ سنجے راوت کے درمیان ملاقات موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔
یاد رہے شیوسینا اور بی جے پی نے2019 کےمہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں اتحاد بنا کر چناؤ لڑا تھا لیکن اقتدار کی تقسیم پر دونوں اتحادیوں کے مابین اختلافات ہوگئے۔ دونوں پارٹیوں کے مابین پاور شیئرنگ فارمولہ پر اتفاق نہیں ہوسکا۔ اس لئے شیوسینا نے مہاراشٹر کا اقتدار حاصل کرنے کے لئے ایک انوکھا راستہ اختیار کرتے ہوئے این سی پی اور کانگریس سے ہاتھ ملایا اور مہاوکاس آگھاڑی بنا کر اقتدار حاصل کر لیا۔ اس اتحاد کو یقینی بنانے میں شرد پوار اور سنجے راوت دنوں نے اہم کردار ادا کیا تھا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details