ریاست مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں سے تعلق رکھنے والے نوجوان شیخ شارخ شیخ احمد جو پیشے سے پرائیوٹ سیکیوریٹی گارڈ ہیں۔ انھیں گزشتہ دنوں مہاراشٹر ٹاپ ماڈل کمپٹیشن میں پچاس امیدواروں کی فہرست میں پہلے چھ ماڈل میں ان کا انتخاب ہوا۔
شیخ شارخ صحت مند، خوبصورت اور منفرد شخصیت کے حامل 24 سالہ نوجوان ہیں۔ انھوں نے بنیادی تعلیم دسویں جماعت تک اردو میڈیم نائٹ اسکول سے حاصل کی۔ بعد میں بارہویں آرٹس مالیگاؤں جونئیر کالج سے مکمل کر نے کے بعد سیکوریٹی شعبے سے منسلک ہوئے۔موصوف کے والد شیخ احمد پھلوں کے بیوپاری ہیں۔
موصوف نے بتایا کہ انھیں پچپن سے ہی ماڈلنگ کا شوق تھا۔ گھریلو ذمہ داریوں کی وجہ سے معاش کی تلاش شروع ہوئی اور پھر بطور سیکیوریٹی گارڈ کام کرنے کا موقع ملا۔ انھوں نے مختلف شہروں، تقاریب، سیاسی و فلمی شخصیات کو سیکیورٹی فراہم کی ہے۔
شارخ شیخ نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ لوگ سیکوریٹی شعبے میں کام کرنے کو ترجیح نہیں دیتے ہیں لیکن آج اس پیشے میں ایمانداری، ڈسپلن، پرسنالٹی اور اچھی صحت دیکھی جاتی ہے ناکہ تعلیم یا ڈگری زیادہ معنی رکھتی ہے۔