ریاست مہاراشٹر میں روز آنہ ہزاروں کی تعداد میں عوام الناس کورونا وائرس سے متاثر ہو رہے ہیں صورتحال یہ ہے کہ ایک دن میں دس ہزار سے زیادہ مریض اس مرض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
آج پورے ملک میں کورونا انفیکشن کے 81 ہزار نئے مریضوں کی شناخت ہوئی ہیں، جو کہ اپنے آپ میں ایک بہت بڑی تعداد ہے، ہفتے کے روز ریاست مہاراشٹر میں دس ہزار سے زیادہ نئے معاملات سامنے آئے تھے۔
ریاست میں 10216معاملات رپورٹ ہوئے، ہفتے کے روز کورونا وائرس کے انفیکشن کے10187 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 47 افراد موت کی آغوش میں چلے گئے، اس طرح کی معلومات دیتے ہوئے محکمہ صحت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ریاست میں اس وبائی مرض میں مبتلا افراد کی کی کل تعداد 2208586 ہوچکی ہے
گزشتہ 17 اکتوبر کے بعد دوسری بار ریاست میں مریضوں کی تعداد دس ہزار سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے، ریاست میں مرنے والوں کی تعداد52440 ہوگئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پچھلے 24 گھنٹوں میں8060 افراد کو صحت یاب ہونے کے بعد اسپتالوں سے رخصت کردیا گیا ہے، صوبائی وزیر برائے معاونت و بحالی وجے وڈیٹیور کو کورونا مثبت پایا گیا ہے۔ بلڈھانہ ضلع کے شیوسینا کے ایم ایل اے سنجے گائکواڈ کے خاندان کے 12؍افراد کے علاوہ ان کے دو ملازمین کورونا مثبت پائے گئے، سنجے گائکواڈ مقننہ کے بجٹ اجلاس میں شرکت کے لیے ممبئی میں ہیں لہذا وہ محفوظ ہیں۔
کورونا وائرس کو دیکھتے ہوئے آئندہ پیر سے مہاراشٹر کے اورنگ آباد شہر میں لاک ڈاون لگانے کی تیاریاں کی جارہی ہے، اورنگ آباد بلدیہ کے ذرائع کے مطابق اورنگ آباد کی مقامی انتظامیہ نے سخت پابندی عائد کردی ہے۔
اورنگ آباد میں کورونا کے نئے مریضوں کی تعداد 500 کے قریب پہنچ گئی ہے، اورنگ آباد کی طرح پونے کے متعلق بھی صوبائی نائب وزیراعلیٰ جلد ہی کوئی سخت فیصلہ لے سکتے ہیں۔
ہندوستانی انسٹی ٹیوٹ آف سائنس ایجوکیشن اینڈ ریسرچ اور ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ نے اپنی تحقیق میں پونے میں کورونا کے نئے کیسز میں اضافے کے پیچھے وجوہات جاننے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، ادھر شولاپور میں نائٹ کرفیو میں اضافہ کردیا گیا ہے، نائٹ کرفیو جو 25 فروری سے 7؍مارچ تک نافذ کیا گیا تھا اب اس کی تاریخ میں توسیع کرکے 12؍مارچ تک کردیا گیا ہے۔