اردو

urdu

ETV Bharat / city

مرکزی حکومت، کشمیر کا معاملہ بھول گئی ہے: شیوسینا

شیوسینا نے ہندواڑہ میں عسکریت پسندوں کے ساتھ تصادم میں ہلاک ہونے والے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کا انتقام لینے کے لیے بغیر شوروغل کے سرجیکل اسٹرائک کرنے پر زور دیا ہے۔

shiv sena
shiv sena

By

Published : May 5, 2020, 7:40 PM IST

شیوسینا نے الزام لگایا کہ کووڈ 19 کے خلاف جاری جدوجہد میں مرکزی حکومت کشمیر کے معاملے کو بھول گئی ہے۔

شیوسینا کے ترجمان اخبار سامنا میں آج شائع ایک اداریہ میں شیوسینا نے کہا کہ جس طرح فوج کی جانب سے ڈاکٹروں اور طبی عملے پر پھول برسائے گئے، اسی طرح سے ان شہدا کے اہل خانہ پر بھی پھول برسائے جانے چاہئیں۔

ہندوں اور مسلمانوں کے درمیاں تفرقہ اور نفرت پیدا کرنے کی ملک میں جاری مذموم کوششوں پر نکتہ چینی کرتے ہوئے اخبار نے کہا کہ اس معاملے میں ملک میں ہندو مسلم کے نام پر سیاست نہیں ہونی چاہئے۔

سامنا کا کہنا ہے کہ ملک کے لیے قربانی دینے والے جوانوں میں، ایک مسلمان جوان بھی شامل ہے لہذا جو لوگ ہندو مسلم سیاست کر رہے ہیں، انہیں اس بات کو فراموش نہیں کرنا چاہئے۔

واضح رہے کہ شمالی کشمیر کے علاقے ہندواڑہ میں دو روز قبل عسکریت پسندوں کے ساتھ ایک مقابلے میں ایک فوجی کرنل اور ایک میجر سمیت پانچ سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

ہلاک ہونے والے جوانوں میں 21 نیشنل رائفل کے کمانڈنگ آفیسر کرنل آشوتوش شرما، میجر انوج سود، نائک راجیش، لانس نائک دنیش اور جموں و کشمیر پولیس کے سب انسپکٹر شکیل قاضی شامل ہیں۔

شیوسینا نے بتایا کہ کرنل شرما کی بیٹی نے یکم مئی کو اپنی سالگرہ منائی تھی اور شرما 3 مئی کو ملک کا دفاع کرتے ہوئے ہلاک ہو گئے۔

شیوسینا کے ترجمان اخبار کا کہنا ہے کہ ان بہادر فوجیوں کی قربانی ایک ایسے وقت میں ہوئی جب مرکز میں ایک مضبوط اور انتہائی محب وطن حکومت ہے۔ کووڈ 19 کے خلاف جاری جد و جہد میں یہ ملک کشمیر کو بھول گیا لیکن پاکستان یہ بات نہں بھولا ہے۔

کووڈ 19 کے خلاف جنگ لڑنے والے اسپتالوں پر حال ہی میں سکیورٹی فورسز کے ذریعے پھول برسائے جانے کا ذکر کرتے ہوئے شیوسینا نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف برسرپیکار پولیس اہلکاروں، ڈاکٹروں اور نرسوں کی تعریفیں جاری رہیں گی لیکن ایسے موقع پر کشمیر کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ کسی پارٹی یا حکومت کا نام لیے بغیر، شیو سینا نے کہا کہ ہندواڑہ انکاؤنٹر میں ہلاک ہونے والے ان فوجیوں کے اہل خانہ کو پھولوں سے نچھاور کیا جانا چاہئے تھا۔

اداریہ میں کہا گیا کہ گزشتہ برس آرٹیکل 370 کی بیشتر دفعات کو منسوخ کرنے کے بعد سے کشمیر بند کر دیا گیا ہے لیکن اس کے بعد بھی درانداز حملے کر رہے ہیں۔

شیوسینا نے کہا کہ اس بات کو قبول کرنے کی ضرورت ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کی مضبوط قوت ارادی کی وجہ سے آرٹیکل 370 کا خاتمہ کیا گیا تھا لیکن بھارتی فوجی پر حملے اب بھی جاری ہی ہیں۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details