ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی سے محض 60 کلو میٹر دور تھانے ضلع کے بھیونڈی تعلقہ کے دیہی علاقے کےگرام پنچایت کی حدود میں آنے والے علاقوں میں سیلابی صورتحال بنی ہوئی ہے۔
سیلابی صورتحال کے سبب علاقے کی سڑکیں اور پل سیلاب کی زد میں آکر بہہ گئے ہیں۔
سڑک اور پل بہہ جانے سے مذکورہ گاؤں کا رابطہ دوسرے علاقوں سے منقطع ہوگیا ہے۔ گاؤں کے مکینوں کو اپنی ضروریات زندگی کو پورا کرنے کے لیے گہرے پانی سے ہوکر گزرنے پر مجبور ہونا پڑرہا ہے۔
سڑک اور پل کے تعلق سے ضلع انتظامیہ کے تمام دعووں کی پول کھل گئی ہے۔ فی الحال گذشتہ دنوں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے بعد بھی کوئی اعلیٰ افسر اس علاقے میں نہیں پہنچ سکا ہے جو مقامی باشندوں کی دشواریوں اور سڑکوں کے حالات کا جائزہ لے سکے۔
حکومت اور ضلع انتظامیہ بھلے ہی سبھی گاؤں کو مین شاہراہ سے جوڑنے کا دعویٰ کر رہے ہوں مگر مقامی افراد نے اس میں مبینہ طور سے بدعنوانی کا الزام عائد کیا ہے۔