اتر پردیش کے متھرا جنپد کے نوجھیل تھانہ حلقہ کے تحت یمنا ایکسپریس وے پر تیز رفتار ٹینکر نے انووا کار کو ٹکر مار دی جس میں 7 افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تمام لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے۔ انووا کار آگرہ سے آرہی تھی۔ ہلاک شدگان کی شناخت ہریانہ کے باشندوں کے طور پر ہوئی ہے۔
متھرا: سڑک حادثے میں ڈرائیور سمیت ایک ہی کنبے کے 7 افراد ہلاک اطلاعات کے مطابق یمنا ایکسپریس وے پر تیز رفتار ٹینکر بے قابو ہوکر ڈیوائڈر سے ٹکرا کر دوسری طرف سے آنے والی انووا کار سے جا ٹکرایا، ٹکر اتنی زبردست تھی کہ کار میں سوار سبھی لوگوں نے جائے واقعہ پر ہی دم توڑ دیا۔ ٹینکر میں ائیل ہونے کے باعث تیل کا رساؤ ہونے لگا۔ حادثہ کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور اس نے اپنی کاروائی شروع کی۔
یمنا ایکسپریس وے پر ٹریفک نظام متاثر
ٹینکر میں رساؤ ہونے کے سبب یمنا ایکسپریس وے پر آمد و رفت کو بند کر دیا گیا، تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے ۔پولیس اور محکمہ فائر نے پانی چھڑک کر ریسکیو آپریشن کیا۔
مہلوک کی شناخت
مہلوک کی شناخت ہریانہ کے باشندوں کے طور پر ہوئی ہے۔ مہلوک میں منوج 45 سال، اس کی بیوی ببیتا 40 سال، بیٹا ابھے 18 سال، بیٹا ہیمنت 16 سال، بیٹی انو 11 سال، بیٹی ہمادری 14 سال اور ڈرائیور راکیش 39 سال کے نام شامل ہیں۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر گورو گروور نے بتایا کہ یمنا ایکسپریس وے پر آئل ٹینکر الٹ گیا جو ایک انووا کار سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہوگئے۔ تمام ہلاک شدگان کی شناخت ہوگئی ہے، لاشوں کو پوسٹمارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے، موقع پر ریسکیو آپریشن کیا گیا۔