لکھنؤ: موسم سرما کے دستک دیتے ہی کورونا مریضوں کی تعداد میں اچانک اضافہ کے پیش نظر یوپی حکومت نے کووڈ۔19 کی پابندیوں پر نئے احکامات جاری کرتے ہوئے شادیوں اور دیگر عوامی تقریبات میں عوامی کی شرکت کو محدود کردیا ہے۔
وزیر اعلی کے سکریٹری آر کے تیواری کی جانب سے جاری نئی ہدایات کے مطابق شادی، سیاسی و سماجی اجتماعات میں شرکاء کی تعداد کو 100 کردیا ہے۔ اس سے قبل بند احاطوں میں 200 افراد کے شریک کی اجازت تھی۔
اڈیشنل چیف سکریٹری(صحت) امت موہن پرساد نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عمر رسیدہ افراد کو شادی تقریبات یا دیگر سماجی اجتماعت میں لے جانے سے پرہیز کریں۔ عمر رسیدہ افراد کے وائرس سے متاثرہ ہونے کے سب سے زیادہ خطرات ہیں۔ عمر رسیدہ افراد میں کورونا کے اٹیک میں اضافہ ہورہا ہے اور اس وقت مجموعی پازیٹیو مریضوں کی تعداد میں 10.13 فیصدی تعداد عمر رسیدہ افراد کی ہی ہے۔ جو کہ باعث تشویش ہے۔ 60 سال سے زیادہ عمر والوں کی شرح اموات بھی 45 فیصد سے اوپر ہے۔
مسٹر پرساد نے بتایا کہ ریاست پازیٹیو ریٹ کو 5 فیصد سے کم کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ اس وقت مجموعی طور سے پازیٹیو مریضوں کی شرح 3.2فیصدی ہےجبکہ نومبر یہ شرح 1.6فیصدی تھی۔ جبکہ شرح اموات بھی محض 1.43فیصدی ہے۔
وہیں پیر کو اترپردیش میں کورونا وائرس کے نئے مریضوں کی تعداد 2067 ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد ریاست میں مجموعی متاثرین کی تعداد بڑھ کر 528833 ہوگئی۔ مسٹر پرساد نے بتایا کہ ریاست میں متاثرین کا ریکوری شرح اس وقت 94.07فیصد ہے۔ ابھی تک ریاست میں 497475 مریض شفایاب ہوئے ہیں جن میں گذشتہ 24گھنٹوں میں ریاست کے مختلف ہسپتالوں سے ڈسچارج ہونے والے 2060مریض بھی شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت ریاست میں ایکٹیو مریضوں کی تعداد 23776 ہے جن میں سے 10948مریض ہوم آئیسولیشن میں،2405پرائیویٹ اسپتالوں میں اور بقیہ سرکاری اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔گذشتہ 24گھنٹوں میں 23نئی اموات کے ساتھ ریاست میں مجموعی مہلوکین کی تعداد 7582ہوگئی۔
اتوار کو ریاست کے مختلف لیبوں میں 145704نمونوں کی جانچ کی گئی جس کے بعد ریاست میں ٹیسٹ کئے گئے کل نمونوں کی تعداد 18131693ہوگئی جو کہ ملک میں سب سے زیادہ ہے۔4.61لاکھ سرویلانس ٹیم نے 2.92کروڑ مکانات کا احاطہ کرتے ہوئے ابھی تک 14.3کروڑ عوام کی اسکریننگ کی ہے۔