متأثرہ کی لاش کو گاؤں بہار میں ہی اس کے آبائی کھیت میں دادا ،دادی کی سمادھی کے بغل میں دفنایا گیا ہے۔ پہلے متأثرہ کے اہل خانہ نے یوگی آدتیہ ناتھ کو بلانے کے مطالبے کے ساتھ آخری رسوم کی ادائیگی سے انکار کردیا تھا، لیکن بعد میں کمشنر کے سمجھانے اور منانے کے بعد وہ آخری رسوم کے لئے تیار ہوگئے۔متأثرہ کی لاش کو سنیچر کی دیررات دہلی سے اس کے آبائی گاؤں لایا گیا تھا۔
وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو بلانے پر بضد اہل خانہ کو سمجھانےکے لئے انتظامیہ کے افسران کو سخت مشقت کرنی پڑی، متأثرہ کی بڑی بہن کے مطابق’’ میری بہن انصاف کے لئے لڑتے لڑتے زندگی کی جنگ ہار گئی، اس کا یہ حشر کرنے والوں کا انجام برا ہوگا، وزیر اعلی گاؤں آکر ہماری بات سنیں۔
اس دوران متاثہر کی بڑی بہن نے یوگی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہمارے کنبے کے اراکین کو سرکاری نوکری دی جائے اور سبھی ملزمین کو پھانسی کی سزا ملے، ان کے مطالبات پورا ہونے کے بعد ہی آخری رسوم کی ادائیگی کی جائےگی۔
متأثرہ کے چچا نے پولیس پر الزام عائد کیا ہے کہ جب وہ اور متاثرہ کے والد انصاف مانگنے بہار تھانے گئے تھے تو انہیں مار پیٹ کر بھگا دیا، یہاں تک کہ متأثرہ اور اس کی بہن کے ساتھ بھی بدسلوکی کی گئی، انہوں نے کہا کہ مقامی پولیس ملزم گرام پردھان کے اشارے پر کام کررہی تھی۔
آخری رسوم کی اداگئی میں یوگی کابینہ کے وزیر سوامی پرساد موریہ، کملا رانی ورون، سماج وادی پارٹی کے ایم ایل سی ایم ایل سی سنیل سجان کے سمیت بڑی تعداد میں آس پاس کے لوگ موجود تھے، کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے نپٹنے کے لئے گاؤں میں سخت سیکورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے، بڑی تعداد میں پولیس اہلکار موجود تھے۔
قابل ذکر ہے کہ ضلع اناؤ کے بہار تھانہ علاقے کے ہندونگر بھاٹن کھیٹر گاؤں میں عصمت دری متأثرہ کو اسی کے ریپ کے ملزموں نے جمعرات کو علی الصبح اس کے بدن پر پٹرول ڈال کر اس وقت جلا دیا تھا جب وہ اپنے وکیل سے ملنے کے لئے رائے بریلی جانےکے لئے گھر سے ریلوے اسیٹیشن کے لئے نکلی تھی۔
متأثرہ کا تقریبا 90 فیصدی حصہ آگ سے جھلس گیا تھا ۔اسے نازک حالت میں لکھنؤ کے ٹراما سنٹر میں داخل کرایا گیا تھا جہاں سے ڈاکٹروں نے لکھنؤ کے ہی سیول اسپتال میں بھیج دیا تھا۔ اس کی حالت کو نازک ہوتا دیکھ جمعرات کی ہی رات بہتر علاج کے لئے دہلی کے صفدر جنگ اسپتال میں ائیر لفٹ کرایا گیا تھا۔لیکن تمام کوششوں کے باجود وہ زخموں کی تاب نہ لاسکی اور جمعہ کی رات تقریبا 11:40 منٹ پر اس نے دم توڑ دیا۔