زراعت سے متعلق متنازع بلز کی مخالفت میں گذشتہ کئی دنوں سے پنجاب، ہریانہ اور مغربی اترپردیش میں احتجاجی مظاہرہ کا سلسلہ جاری ہے۔ پارلیمنٹ سے متنازع بلز کی منظوری کے بعد ریاست اترپردیش کے ضلع مئو میں سماج وادی پارٹی کے کارکنان نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ اس موقعے پر کارکنان نے سماج وادی پارٹی کے سینئیر رہنما و رکن پارلیمان اعظم خان کے حق میں نعربے بازی کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔
مئو ضلع کے گھوسی ایس ڈی ایم کورٹ کے سامنے مظاہرہ کررہے سماجوادی پارٹی کے کارکناں نے دھرنا دے کر اپنے غصے کا اظہار کیا۔ پارٹی کارکنان ہاتھوں میں پلے کارڈ لیکر حکومت مخالف نعرے بلند کرتے ہوئے نظر آئے۔ پارٹی نے اس موقع پر 14 نکاتی میمورنڈم اترپردیش کے گورنر کے نام پیش کیا۔ میمورنڈم کے ذریعہ پارلیمنٹ کے موجودہ سیشن میں منظور کیے گئے زراعت بل کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔