ریاست اترپردیش کے ضلع رامپور کے کلکٹریٹ میں انتظامیہ کی جانب سے رمضان المبارک کے پیش نظر ایک اہم میٹنگ کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس میٹنگ میں خاص طور پر ضلع کے معزز علمائے کرام کے ساتھ میٹنگ کی گئی۔
قاضی شہر سید احمد علی عرف خوشنود میاں میٹنگ میں کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر رمضان المبارک میں بھی سماجی دوری کو برقرار رکھنے پر زور دیا گیا جس کی تمام علماءنے تائید کی۔
کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ملک بھر میں فی الحال 3 مئی تک دوبارہ لاک ڈاؤن جاری ہے۔ اس درمیان 24 یا 25 اپریل سے رمضان المبارک کا آغاز بھی ہو جائے گا۔
رمضان المبارک میں بھی سماجی دوری بر قرار رکھنے کے لیے انجنئے کمار سنگھ نے ضلع کے معزز علمائے کرام کے ساتھ میٹنگ کی۔
میٹنگ کے بعد تمام علماءاکرام نے متفقہ طور پر ضلع کی عوام سے اپیل کیا کہ رمضان المبارک میں عبادات کا اہتمام کرنے کے ساتھ ساتھ لاک ڈاؤن پر بھی عمل کریں سماجی فاصلے کو برقرار رکھیں۔
اس موقع پر قاضی شہر سید احمد علی عرف خوشنود میاں نے کہا کہ اس ماہ مبارک میں مسلمان زیادہ سے زیادہ عبادت کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ کورونا وائرس جیسی مہلک وبا سے بچنے کے لئے جس طرح تمام مساجد میں پانچ نمازی نماز ادا کرتے آئے ہیں اسی طرح رمضان المبارک میں اسی سلسلے کو برقرار رکھیں تاکہ مکمل طور پر اس بیماری سے نجات حاصل کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان کے مہینے میں منعقد ہونے والی افطار پارٹیوں اور دعوتوں سے بھی پرہیز کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ادھرادھر گلی محلوں میں گھومنے ٹہلنے سے گریز کریں۔بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں۔