ریاست اترپردیش کے رامپور میں محمد علی جوہر یونیورسٹی کے دروازے کو منہدم کیے جانے کے فیصلہ سے متعلق ایس ڈی ایم کے ذریعہ کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھنے کا حکم نامہ سنائے جانے کے بعد ملک بھر سے مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔
اس معاملے پر سماجوادی سمرتھک مورچہ کے قومی صدر عظیم اقبال ایڈووکیٹ نے اپنے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جوہر یونیورسٹی کے دروازہ کے قریب اگر کسی کی زمین آ رہی ہے تو ہم ان کو ملک بھر سے تعلیم دوستوں سے بھیک مانگ کر رقم ادا کر دیں گے۔ لیکن خدارا تعلیمی ادارہ کےدروازہ کو منہدم ہونے سے بچائیے۔
رامپور میں سماجوادی پارٹی کے رکن پارلیمان اعظم خاں کے ذریعہ قائم کردہ محمد علی جوہر یونیورسٹی پر خطرات کے بادل بڑھتے ہی جا رہے ہیں۔ اسلامی طرز تعمیر کی عکاسی کا مظاہرہ کرتا محمد علی جوہر یونیورسٹی کا صدر دروازہ کو منہدم کرنے کے فیصلہ کو رامپور کی ضلعی عدالت نے برقرار رکھا ہے۔