ریاست اترپردیش کے شہر رامپور میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے گذشتہ دنوں منہدم کئے گئے زنجیر شاہ میاں کے مزار کے مقام پر قبر بناکر دی جائے گی۔ ضلع انتظامیہ نے اس بات کا اعلان علماء کرام کے ذریعہ مزار کے تاریخی ثبوت پیش کرنے کے بعد کیا۔
رامپور ضلع انتظامیہ آنجنئے کمار سنگھ نے منہدم شدہ درگاہ حضرت زنجیر شاہ میاں کو دوبارہ تعمیر کرائے جانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ یہ یقین دہانی آج اس وقت کرائی گئی جب مختلف ملی جماعتوں کے علماء کرام کا ایک وفد متحدہ طور پر ضلع کلکٹر آنجنئے کمار سنگھ سے ملا اور منہدم شدہ مزار کے تاریخی ثبوت ضلع انتظامیہ کے سامنے پیش کئے۔
واضح رہے کہ رامپور کے تاریخی قلعہ کے میدان میں واقع حضرت زنجیر شاہ میاں کے مزار کو 30 نومبر کی شب ضلع انتظامیہ آنجنئے کمار سنگھ نے بلڈوزر کے ذریعہ منہدم کرا دیا تھا۔ منہدم کی اس کارروائی کے سبب مسلمانوں میں شدید ناراضگی پیدا ہوگئی تھی۔ تبھی ڈی ایم نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعہ اس کارروائی کو درست بتاتے ہوئے کہا تھا کہ اس مزار کو اس لئے منہدم کیا گیا ہے کیونکہ اس کے کوئی تاریخی ثبوت نہیں ہے اور یہ مقام غیر سماجی عناصر کا اڈہ بن گیا تھا۔
ساتھ ہی انہوں نے اس بات کا بھی چیلنج کیا تھا کہ اگر اس کے تاریخی ثبوت پیش کئے جائیں گے تو وہ اپنی تنخواہ سے اس مزار کی دوبارہ تعمیر کرائیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ جمعہ کے روز علماء کا ایک وفد مزار کے تاریخی ثبوت کے ساتھ کلیکٹریٹ پہنچا اور ضلع انتظامیہ آنجنئے کمار سنگھ سے ملاقات کر انہیں ثبوت سونپے۔