رامپور میں کانگریس خواتین ونگ کا اجلاس منعقد ہوا اس دوران اسمبلی انتخابات میں خواتین کی حصہ داری کو بڑھانے پر زور دیا گیا۔ قبل ازیں کانگریس پارٹی نے نے اسمبلی انتخابات 2022 میں خواتین کی حصہ داری برھائے جانے کے اعلان کیا تھا جس کے بعد خواتین کارکنوں میں خوشی کا ماحول ہے۔
کانگریس کی جانب سے خواتین کو پارٹی سے جوڑنے کی مہم تیز ہو گئی ہے۔ اسی سلسلہ میں آج ایک پروگرام رامپور شہر میں کانگریس پارٹی کے سابق امیدوار ارشد علی خاں گڈو کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا جہاں بڑی تعداد میں مقامی خواتین نے شرکت کرکے کانگریس کو مضبوط کرنے پر زور دیا۔
اس دوران سابق امیدوار حلقہ اسمبلی رامپور اور کانگریس کے ریاستی جنرل سکریٹری ارشد علی خاں گڈو نے کہا کہ کانگریس کو مضبوط کرنے کے لیے بوتھ سطح پر خواتین کے پروگرام منعقد کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش انچارج پرینکا گاندھی نے جس طرح سے خواتین کو اسمبلی انتخابات میں 40 فیصد حصہ داری دینے کا اعلان کیا ہے وہ قابل ستائش ہے۔