اقلیتی کانگریس کے ریاستی چیئرمین شاہنواز عالم نے بی ایس پی کی سپریمو مایاوتی پر اعظم گڑھ کے ایم ایل اے گوڈو جمالی کو قانون ساز پارٹی کا قائد بنانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ مسلمانوں کو بے وقوف بنانے کی ناکام کوشش ہے۔'
شاہنواز عالم نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ مسلمانوں کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ پارلیمنٹ میں آئین مخالف (CAA-NRC) کے خلاف لوک سبھا میں تقریر کی وجہ سے بی ایس پی پارلیمانی پارٹی کے رہنما کے عہدے سے امروہہ کے رکن پارلیمنٹ کنور دانش علی کو مایاوتی نے ہٹا دیا تھا، جو بابا صاحب کے آئین پر یقین رکھنے والے عام لوگوں اور مسلمانوں کے جذبات کی توہین تھی۔
اُنہوں نے کہا کہ اسی طرح بی جے پی کے ساتھ کھل کر جانے کا بیان دینے کے بعد مایاوتی نے ضمنی انتخابات میں شکست کا ذمہ دار بھی مسلم رہنما منقاد علی پر لگا کر انہیں ریاستی صدر کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: آکسیجن پلانٹس کے لیے اے ایم یو کے سابق طلبہ کا دو کروڑ سے زائد ڈونیشن
مسلمان مایاوتی اور اکھلیش کے بہکاوے میں نہیں آنے والے: شاہنواز عالم
شاہنواز عالم نے کہا کہ مسلمان ابھی تک یہ نہیں بھولے ہیں کہ کیسے مایاوتی نے کنور دانش علی کو سی اے اے اور این آر سی کے خلاف بولنے پر لوک سبھا میں پارلیمنٹری پارٹی کے رہنما کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔
شاہنواز عالم
شاہنواز عالم نے کہا کہ جب اعظم گڑھ، بجنور، مظفر نگر، میرٹھ اور وارانسی میں سی اے اے اور این آر سی مخالف تحریکوں میں مسلمانوں کا قتل ہوا، تب مایاوتی اور اکھلیش یادو کہیں نہیں گئے تھے۔ ہر جگہ صرف کانگریسی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی گئیں اور لوگوں سے ملاقات کی۔
انہوں نے کہا کہ ایس پی اور بی ایس پی سے ناراض چل رہے مسلمانوں کو گمراہ کرنے کے لیے یہ دونوں سیاسی جماعتیں بی جے پی کے کہنے پر ایسی نوٹنکیاں کریں گی لہٰذا ان سے مسلمانوں کو محتاط رہنا ہوگا۔