اقبال انصاری نے بھارتی خبر رساں ایجنسی سے بات چیت میں کہا کہ 'میرا ماننا ہے کہ یہ بھگوان رام کی خواہش تھی کہ مجھے پہلا دعوت نامہ ملے۔ میں اسے قبول کرتا ہوں۔ ایودھیا میں ہندو اور مسلمان مل جل کر رہتے ہیں۔ مندر میں زمین کی پوجا ہو رہی ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی بھی تقریب میں آ رہے ہیں۔'
اقبال انصاری کو رام مندر 'بھومی پوجن' کا پہلا دعوت نامہ ملا
5 اگست کو ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر سے پہلے منعقدہ بھومی پوجن کی تقریب کے لیے ایک بہت ہی خاص شخص کو پہلا دعوت نامہ بھیجا گیا ہے۔ ایودھیا اراضی تنازعہ میں بابری مسجد کے مدعی رہے اقبال انصاری کو تقریب میں شرکت کے لیے پہلا دعوت نامہ بھیجا گیا ہے۔
انصاری نے مزید کہا کہ 'دنیا امید پر قائم ہے۔ میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ اگر کوئی بھی مذہبی پروگرام ہوتا ہے اور وہ مجھے بلاتے ہیں تو میں ضرور جاؤں گا۔ میں خوش ہوں کہ یہاں رام مندر بن رہا ہے۔'
واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی 5 اگست کو رام جنم بھومی سائٹ پر ہونے والی بھومی پوجن کی تقریب کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ رام مندر کی تعمیر کا آغاز یہاں کے وزیر اعظم کے ذریعہ اینٹوں کے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ہوگا۔ اطلاعات کے مطابق متعدد ریاستوں کے وزرائے اعلی ، بہت سے کابینہ کے وزیر اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت اس تقریب میں شرکت کریں گے۔