اردو

urdu

ETV Bharat / city

حکومت نے53 مہینوں میں 4.5لاکھ نوکریاں فراہم کیں: یوگی آدتیہ ناتھ

ریاست اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے دعوی کیا ہے کہ ان کے میعاد کار میں گزشتہ 53مہینوں میں تقریبا 4.50لاکھ افراد کو روزگار فراہم کیا گیا ہے۔

By

Published : Aug 12, 2021, 9:20 PM IST

حکومت نے53 مہینوں میں 4.5لاکھ نوکریاں فراہم کیں: یوگی آدتیہ ناتھ
حکومت نے53 مہینوں میں 4.5لاکھ نوکریاں فراہم کیں: یوگی آدتیہ ناتھ

وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اترپردیش پبلک سروس کمیشن کے ذریعہ منتخب 2846لیکچرار اور ٹیچروں کو تقرری نامہ دینے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انکے دور حکومت میں ساڑھے چار لاکھ افراد کو نوکریاں فراہم کی گئی ہیں۔

اس دوران انہوں نے کہا کہ ’’ٹیچروں کو کبھی بھی سیکھنا ترک نہیں کرنا چاہئے۔ اگر ان کی روح میں طالب علمی باقی رہے تو وہ ایک معتبر اور قابل ٹیچر بن سکتے ہیں۔ اگر آپ اپنا کام پوری ایمانداری سے کرو گے تو آپ طالب علموں کے عزت واکرام کو حاصل کر پائو گے لیکن اگر آپ اپنی عدم توجہی کی وجہ سے ان کے مستقبل کو تباہ کرو گے تو اس کا نتیجہ آپ کو بھی جھیلنا ہی پڑے گا۔‘‘

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’کافی عرصے کے بعد ریاست میں ٹیچروں کی تقرری کا کام نہایت شفاف اور غیر جانبدارانہ طریقے سے کیا گیا ہے۔ حکومت نے گزشتہ چار برسوں کے دوران ٹیچرز کی خالی اسامیوں کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار برسوں کے دوران بغیر کسی سفارش کے 1.5لاکھ ٹیچروں کی تقرری عمل میں لائی گئی ہے۔

اپنے خطاب کے دوران یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ سال 2017 سے قبل کوالیفکیشن رکھنے کے باوجود سسٹم میں بدعنوانی کی وجہ سے مستحق امیدواروں کو بھی نوکری نہیں ملتی تھی لیکن سال 2017 کے بعدسلیکشن کے عمل میں بڑے پیمانے پر تبدیلی آئی ہے اور تمام مستحق امیدوار کو نوکری ملی ہے۔

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ 53مہینوں کے میعاد کار میں حکومت نے تقریبا 4.50لاکھ نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا ہے۔ ’’ان تمام تقرریوں پر سابق حکومتوں کی بے ایمانی کی وجہ سے عدالت کے اسٹے آرڈر (Stay Order) کا پہرہ تھا لیکن سال 2017 کے بعد جب ہماری حکومت بنی تو ایک ایک کر کے تمام مسائل کو حل کیا گیا۔‘‘

مزید پڑھیں: سہارنپور:سماجوادی پارٹی کی ضلع میڈیکل سیل کی نئی ٹیم تشکیل دی گئی

انہوں نے دعوی کیا کہ ان کے اس حکومت کے میعاد کار کے اختتام تک امید ہے کہ 5لاکھ نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائےگا۔

یوگی نے نو منتخب ٹیچروں سے کہا کہ ’’آپ حکومت کی ہر اسکیم کے بارے میں معلومات رکھئے اگر آپ کے پاس جانکاری ہوگی تو طالب علم بھی جانیں گے اور اس کے بعد ہی وہ اس کا فائدہ حاصل کرنے کے اہل ہونگے۔‘‘

مزید پڑھیں: مسلم کاریگر ہندو خواتین کے ہاتھوں پر مہندی نہ لگائیں: کرانتی سینا

تقرریوں میں گزشتہ حکومتوں پر بدعنوانی کا الزام عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’پہلے اقرباء پروری اور کاسٹ سسٹم کا دور دورہ تھا۔ آپ میں سے متعدد افراد ایسے ہونگے جنہوں نے کئی مقابلہ جاتی امتحانات میں شرکت کی ہوگی اور اہل ہونے کے باوجود بدعنوانی کے سبب آپ کا تقرر نہیں ہو سکا۔ اب کسی کو بھی سفارش کی کوئی ضرورت نہیں ہے اس لئے کہ پورا سسٹم میرٹ پر مبنی ہے۔‘‘

اس موقع پر نائب وزیر اعلی و ثانوی تعلیم کے وزیر دنیش شرما، بیسک ایجوکیشن وزیر ستیش چندرا دیودی، مملکتی وزیر گلاب دیوی، چیف سیکریٹری آر کے تیواری، ایڈیشنل چیف سیکریٹری برائے ثانوی تعلیم آرادھان شکلا وغیرہ موجود تھے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details