ای ٹی وی بھارت سے آنجہانی کلیان سنگھ کی موت پر مولانا صہیب قاسمی نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کلیان سنگھ کے ساتھ بطور کارکن کام کرنے کا موقع ملا۔ وہ باہمت انسان تھے۔ بی جے پی کے لیے اترپردیش میں ناقابل فراموش کام انجام دیئے۔
جانیں، کلیان سنگھ کے ساتھ کام کرنے والے مولانا صہیب قاسمی نے کیا کہا انہوں نے کہا کہ کلیان سنگھ کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا تھا جبکہ میں نے دیکھا کہ وہ جو بھی فیصلہ لیتے تھے محکم فیصلہ لیتے تھے، یہی وجہ ہے کہ ان کو پارٹی سے بھی باہر نکلنا پڑا۔ انہوں نے تقریباً 60 برس کی سیاسی زندگی میں بی جے پی کے لیے وہ کام کیا جسے پارٹی کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔
مولانا صہیب قاسمی نے کہا کہ اترپردیش میں او بی سی ووٹر کو بی جے پی کے قریب کرنے میں کلیان سنگھ نے اہم کام کیا جس کی وجہ سے بی جے بی جے پی اقتدار میں آئی اور آج بھی ان کے نقش قدم پر چلنے والے رکن اسمبلی کامیابی کی طرف گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کلیان سنگھ کے حوالے سے مشہور ہے کہ وہ ہندو و مسلم میں امتیاز کرتے تھے، لیکن یہ بے بنیاد ہے جب کہ انہوں نے ہمیشہ سبھی کو ساتھ لیکر چلنے کا کام کیا ہے۔ ان کے انتقال پر پورا ملک سوگوار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایم مودی نے کلیان سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے اترپردیش میں بی جے پی اقلیتی مورچہ کے صدر کنور باسط علی نے کہا کہ کلیان سنگھ کے جانے سے بی جے پی کو ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔ پارٹی سمیت اترپردیش کے عوام شدید رنج و غم میں ہے۔ انہوں نے پارٹی کے لیے جو نمایاں کام انجام دیا ہے اسے ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کلیان سنگھ نہ صرف ہندو عوام میں مقبول تھے بلکہ مسلمانوں میں بھی اتنی ہی مقبولیت رکھتے تھے۔