ریاست اترپردیش کے ضلع گورکھپور میں مارکیٹ کے تعلق سے بات کریں تو یہاں کے تاجروں نے کمپنیوں کو ڈیزائنر ماسک اور اس سے وابستہ لباس کے آرڈر بھیجے ہیں۔
لاک ڈاؤن کے کھلنے اور فیکٹریوں کے چلنے کے ساتھ ہی جیسے ہی ٹرانسپورٹ سسٹم شروع ہوگا گورکھپور کی ٹیکسٹائل مارکیٹ میں اس طرح کے ٹیکسٹائل کپڑوں کی آمد ہوگی ، جو صارفین کی پہلی پسند بن جائے گی۔
کورونا انفیکشن کی وجہ سے ملک اور ریاست کے لوگوں میں خوف کا ماحول ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انفیکشن کی روک تھام کے لئے ملک بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ لوگوں سے سماجی دوری اور ماسک لگانے کی بھی درخواست کی جارہی ہے۔
لوگ صرف اپنی حفاظت کے لئے حکومتی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ماسک لگاکر باہر آرہے ہیں۔ ایسی صورتحال میں فیشن ڈیزائنرز نے لوگوں کے لئے ایسے پرکشش ماسک بنانے کا سوچا ہے جو کپڑوں سے میچنگ ہونگے۔