سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سربراہ اکھلیش یادو نے یوگی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ’’ریاست اترپردیش میں کورونا متاثرین کے اہل خانہ پہلے علاج، بستر، دوائی کے لئے پریشان رہے اور انتقال کے بعد ڈیتھ سرٹیفکیٹ (Death Certificate) کے لئے در در کی ٹھوکریں کھانی پڑیں۔ اہل خانہ حلف نامہ دینے کو تیار تھے اس کے بعد بھی ان کی کوئی سماعت نہیں ہوئی۔ اہل خانہ کا درد نہ سمجھنے والی بی جے پی حکومت جیسی بے رحم حکومت پہلے کبھی نہیں آئی۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’کورونا بحران میں بدحالی جھیل رہے چھوٹے دکانداروں کا درد صرف سماج وادیوں نے سنا۔ بی جے پی حکومت نے یوپی میں چھوٹے کاروباریوں کے لئے کوئی راحت نہیں دی جبکہ کورونا بحران میں انہیں روزمرہ کی چیزوں کی فراہمی اپنی جان پر کھیل کر کی ہے۔ بی جے پی صرف بڑے تاجروں کی خیر خواہ ہے۔‘‘
ایس پی سربراہ نے کہا کہ ’’بی جے پی نے کورونا بحران میں ہوئی اموات کی صحیح تعداد چھپانے کا شرمناک کام کیا ہے۔ بی جے پی حکومت کا کورونا میں آکسیجن کی کمی سے ایک بھی موت نہ ہونے کا بیان مجرمانہ اور بے رحمانہ ہے۔ جن کے گھر اجڑ گئے وہی بی جے پی کے اس بڑے جھوٹ کا درد بھرا سچ جانتے ہیں۔ بی جے پی معافی کے قابل نہیں ہے۔ موت زندگی کا سب سے بڑا سچ ہے لیکن بی جے پی حکومت اس سے بڑے سچ کو ہی جھٹلانے میں لگی ہے جو قابل مذمت ہے۔‘‘
مزید پڑھیں:بحران سے گھرے عوام کا دل دکھانے والا ہے بجٹ: مایاوتی