ریاست اترپردیش کے رامپور میں رکن پارلیمان اعظم خاں کے قریبی شاہ زیب خاں کو کوتوالی پولیس نے سی اے اے، این آر سی معاملے میں گرفتار کیا ہے۔ وہیں ان پر آسرا کالونی ڈونگرپور میں لوٹ پاٹ کا مقدمہ بھی درج تھا۔ پولیس نے اس لوٹ پاٹ کا مال بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
یوگی حکومت کے دور اقتدار میں سماج وادی پارٹی کے قدآور رہنما اور سابق وزیر محمد اعظم خان اور رامپور میں ان کی پارٹی کے کارکنان کی مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ درجنوں معاملوں میں اعظم خاں اپنی اہلیہ اور بیٹے کے ساتھ پہلے ہی جیل میں قید ہیں۔
اعظم خاں کا قریبی ساتھی گرفتار وہیں ان کی پارٹی کے بھی کئی اہم کارکنان مختلف معاملوں میں جیل میں مسلسل قید ہیں۔ اعظم خاں کے قریبی ساتھیوں کو گرفتار کرنے کا رامپور پولیس کا سلسلہ دراز ہوتا چلا جا رہا ہے۔ آج اس سلسلے میں رامپور کی کوتوالی پولیس نے اعظم خاں کے ایک اور قریبی شاہ زیب خاں کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس نے شاہ زیب خاں کی گرفتاری سے متعلق میڈیا کو جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ 'ملزم شاہ زیب خاں شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی معاملے میں فرار تھے۔ آج تھانہ کوتوالی پولیس نے رامپور کے توپ خانہ روڈ سے انہیں گرفتار کیا ہے۔ ان کی گرفتاری سے متعلق پولیس نے یہ بھی بتایا ہے کہ وہ سماج وادی حکومت میں آسرا کالونی ڈونگر پور میں ہوئی لوٹ پاٹ اور مار پیٹ معاملے میں بھی پولیس کی گرفت سے باہر تھے۔ اس لئے پولیس نے اس گرفتاری کو اپنی بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔'
پولیس کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے اپنا جرم قبول کیا ہے اور ملزم کے قبضہ سے لوٹے ہوئے پانچ پانچ سو روپے کے 8 نوٹ (کل چار ہزار روپے) اور ایک جوڑی پائل برآمد ہوئی ہے۔