بدایوں: اترپردیش کے ضلع بدایوں میں سماج وادی پارٹی کے سابق رکن اسمبلی اور آئندہ انتخابات میں سماجوادی پارٹی کے ٹکٹ پر اپنے بیٹے کو اتارنے کا دعویٰ کرنے والے اشیش یادو نے کہا ہے کہ بی جے پی لاشوں پر سیاست کررہی ہیں اور اعظم خان کو غلط طریقے سے پھنسایا گیا ہے۔
لکھیم پور کھیری میں ہونے والے تشدد میں کسانوں کی موت اور بی جے پی پر بد انتظامی کے حوالے سے الزام عائد کرتے ہوئے سابق رکن اسمبلی اشیش یادو نے کہا کہ بی جے پی لاشوں پر سیاست کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مرکزی وزیر کا بیٹا کسانوں پر گاڑی چلا کر ان کی جان لے لیتا ہے اور اس پر حکومت اسے گرفتار نہیں کررہی ہے۔ سماج وادی پارٹی کے سینیئر رہنما اور رامپور سے رکن پارلیمان اعظم خان کی گرفتاری اور مقدموں کے حوالے سے اشیش نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت نے انہیں غلط طریقے سے پھنسایا ہے لیکن ہمیں امید ہے کہ عدالت سے انہیں انصاف ملے گا۔ جو بی جے پی کے خلاف بول رہا ہے اسی کو جیل ہورہی ہے۔
اشیش یادو کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی جنتا پارٹی جھوٹ بولنے میں ماہر ہے اور جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ کرکے ریاست میں حکومت کررہی ہے۔ ایسا ہی جھوٹا دعویٰ 15 لاکھ روپیے کا وعدہ کیا گیا تھا جسے آج تک پورا نہیں کیا گیا لیکن اب عوام سمجھدار ہوگئی ہے اور آئندہ 2022 کے انتخابات میں بی جے پی کو سبق سکھائیں گی۔
اشیش یادو کے والد بنوری سنگھ یادو ریاست میں سماج وادی پارٹی کے دور اقتدار میں وزیر تھے جن کا کچھ سال قبل انتقال ہوگیا۔
واضح رہے کہ ریاست اترپردیش میں 2022 میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں ان انتخابات کے مدنظر تمام سیاسی پارٹیاں بی جے پی کے غلط کاموں کو لے کر مسلسل بیانات، احتجاج اور ایک دوسرے کی کمیوں کو عوام کے سامنے لانے کی کوششیں کررہی ہیں۔