سماجوادی پارٹی کے قومی صدر و اترپردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے کہا کہ' سنہ 2022 میں اگر ریاست میں ہماری حکومت بنتی ہے تو ہم اردو اساتذہ کو بحال کریں گے۔
اس کے علاوہ اردو زبان سمیت بھارتی زبان کی فروغ کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے سے بات چیت کے دوران کہا کہ ہم جلد ہی اردو میڈیا سے بات چیت کرکے اس طرف پوری توجہ دیں گے۔
تاکہ مستقبل میں حکومت بننے پر اردو زبان اور اس سے جڑے لوگوں کی پریشانیوں کو دور کر سکیں۔
خیال رہے کہ اترپردیش کی یوگی حکومت نے سابقہ سماجوادی حکومت کے دوران شعبہ پرائمری تعلیم میں نکلنے والی چار ہزار اردو اساتذہ کی بحالی کو منسوخ کر دیا جو اب تک اٹکی پڑی ہوئی ہے۔
حکومت کی جانب سے دلیل دی گئی تھی کہ محکمہ میں پہلے سے ہی ضرورت سے زیادہ اردو اساتذہ موجود ہیں لہذا مزید اردو اساتذہ کی ضرورت نہیں۔
اس موقعے پر انہوں نے کہا کہ' بی جے پی ڈر وخوف کی سیاست کر رہی ہے، انہوں نے جو بھی وعدہ کیے تھے ان میں سے ایک بھی پورا نہیں کیا گیا۔ اترپردیش میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہو رہے ہیں اور نہ ہی ہونے کے امکانات نظر آرہے ہیں۔ ریاست میں اگر ترقیاتی کام کروانے ہیں تو اس کے لیے ضروری ہے کہ بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھا جائے۔'