ریاست اترپردیش میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران عالمی وبا کورونا وائرس کے 65 نئے معاملے درج ہوئے ہیں۔ اسی عرصے میں 34 متاثرہ افراد کو کامیاب علاج کے بعد ڈسچارج کیا گیا ہے۔ اس وقت ریاست اتر پردیش میں کورونا کے 672 فعال معاملات ہیں۔
لوک بھون میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کی میٹنگ میں کووڈ19 کی صورتحال کا جائزہ لینے کے دوران وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریاست میں مجموعی طور پر 228211 کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔ اب تک ریاست میں مجموعی طور پر 06 کروڑ 62 لاکھ 17 ہزار 851 کورونا ٹیسٹ مکمل ہو چکے ہیں۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’کورونا انفیکشن ابھی ختم نہیں ہوا ہے، لہذا انفیکشن کی روک تھام کے بارے میں تھوڑی سی لاپرواہی بھی بھاری پڑ سکتی ہے۔‘‘ اس کے پیش نظر انہوں نے کورونا پروٹوکال کی مکمل پابندی کو یقینی بنانے اور کووڈ19 سے روک تھام اور علاج کے بندوبست کو موثر طریقے سے جاری رکھنے کی ہدایت دی ہے۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ریاستی حکومت کی موثر حکمت عملی اور مسلسل کوششوں کی وجہ سے ریاست میں کووڈ انفیکشن کنٹرول میں ہے۔ طبی سہولیات کو مضبوط بنانے کا کام کورونا انفیکشن کے حوالے سے مستقبل کی تشخیص کے پیش نظر تیزی سے کیا جائے۔
انہوں نے پیکو اور نیکو بستر تمام اضلاع میں تیز رفتاری سے قائم کیے جانے، ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کے تربیتی کام کو مؤثر طریقے سے جاری رکھنے پر زور دیا۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ ریاست کے لیے اب تک منظور شدہ 552 آکسیجن پلانٹس میں سے 275 آکسیجن پلانٹس فعال ہو چکے ہیں۔