ترنمول کانگریس کے رہنما اور رکن پارلیمان سوگتارائے نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بنگال میں نہیں اترپردیش میں صدر راج نافذ ہونا چاہئے۔ اتر پردیش میں اس کی سخت ضرورت ہے۔
'بنگال میں نہیں اتر پردیش میں صدر راج نافذ ہو'
ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمان سوگتارائے نے مغربی بنگال میں بی جے پی رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے بیان دیا ہے۔
مغربی بنگال کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کے سینئر رہنما و رکن پارلیمان سوگتا رائے کا کہنا ہے کہ بی جے پی کی نفرت کی سیاست اس ماحول کے لئے خطرنک ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی وجہ سے ملک میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔ ملک کی دوسری ریاستوں کی طرح بنگال میں بھی نفرت کی سیاست کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
پروفیسر سوگتا رائے کا کہنا ہے کہ پرامن ریاست بنگال میں صدر راج کا مطالبہ کرنے والوں کو ملک کی دیگر ریاستوں پر نظر ڈالنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں کیا ہو رہا ہے، ان ریاستوں میں عام لوگوں کا کیا حال ہے یہ سب کو پتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے رہنماؤں کو سب سے پہلے اترپردیش میں صدر راج کا مطالبہ کرنا چاہئے۔ ہاتھرس کا معاملہ ٹھنڈا نہیں ہوا، دلت لڑکی کے ساتھ جو کچھ ہوا اس پر بے حد افسوس ہے، اس واقعہ کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔
سوگتا رائے نے کہا کہ بنگال میں لوگ ایک دوسرے کے ساتھ مل کر رہتے ہیں، یہاں کے پر امن ماحول کو بگاڑنے کی کوشش کرنے والوں کو ان کے مقصد میں کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی لوگوں کو گمراہ کررہی ہے، احتجاجی ریلی کے دوران سرعام ہتھیاروں کی نمائش کرنے والوں کو یوں ہی چھوڑا نہیں جائے گا، پولیس کی کارروائی پر کسی کو تنقید کرنے کا حق نہیں ہے۔