مغربی بنگال:ریاستی اسمبلی میں ہجومی تشدد کے خلاف بل - مغربی بنگال میں بھی اب تک ہجومی تشدد کے متعدد واقعات
مغربی بنگال کی حکومت کی جانب سے ہجومی تشدد کے خلاف ریاستی اسمبلی میں بل پیش کیا جائے گا، ذرائع کے مطابق جمعرات یا جمعہ کو ریاستی اسمبلی میں ہجومی تشدد کے خلاف سخت ترین سزا کی تجویز والی بل اسمبلی میں پیش کی جائے گی، ریاست میں ہجومی تشدد کے واقعات کی روک تھام کے لئے یہ بل لایا جا رہا ہے۔
مغربی بنگال میں بھی اب تک ہجومی تشدد کے متعدد واقعات رونما ہو چکے ہیں جس پر ریاستی حکومت نے سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے ہجومی تشدد کے خلاف بل لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اضلاع کے ایس پی اور کمشنریٹ دفتروں میں اس سلسلے میں ایک نوڈل افسر کو تعینات کیا جائے گا اس کے علاوہ ٹاسک فورس بھی تیار کی گئی ہے جو ہجومی تشدد کے واقعات پر نظر رکھے گی،اور کسی علاقے میں اگر اس طرح کے واقعہ کا اندیشہ ہوگا تو اس علاقے میں سیکورٹی بڑھا دی جائے گی۔
بتایا گیا ہیکہ اس بل میں ہجومی تشدد کے خلاف سخت سزا کی تجویز پیش کی گئی ہے اور اس میں ملوث افراد کو تین سال کی قید اور ایک لاکھ روپئے جرمانہ ہو سکتا ہے، اور شدید طور پر زخمی ہونے کی صورت میں ملزم کو عمر قید یا دس سال تک قید اور پچیس ہزار جرمانہ بھی ہوسکتا ہے، اور اگر ہجومی تشدد کے سبب کسی کی موت ہو جاتی ہے تو ملزم کو عمر قید اور ایک سے پانچ لاکھ روپئے جرمانہ ادا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ریاست میں اب تک چوری کے شبہ میں ہجومی تشدد کے متعدد واقعات رونما ہو چکے جن میں کئی افراد کی موت بھی چکی ہے۔