مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے کولکاتا کے پارک اسٹریٹ کے ایلن پارک میں ہر سال منعقد ہونے والے کرسمس فیسٹیول کا منگل کو افتتاح کیا۔ کولکاتا کے پارک اسٹریٹ میں بڑے پیمانے پر کرسمس کا تہوار منایا جاتا ہے۔
ممتا بنرجی کی حکومت میں کرسمس فیسٹیول کا آغاز کیا گیا تھا جو 31 دسمبر تک جاری رہتا ہے۔ فیسٹیول کا افتتاح کرنے کے بعد ممتا بنرجی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنگال میں ہر مذہب کے لوگ متحد ہوکر ہر تہوار مناتے ہیں، ’’یہاں درگا پوجا، عید اور کرسمس سب ملکر مناتے ہیں، لیکن کچھ لوگ نفرت کی سیاست کر رہے ہیں، بنگال کی مذہبی رواداری کی فضا کو بگاڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘
انہوں نے بی جے پی پر نفرت کی سیاست کرنے کا الزام عائد کیا، انہوں نے کہا: ’’کچھ لوگ ملک کو صرف تقسیم کر سکتے ہیں، بی جے پی نے اقتدار میں آنے کے بعد کرسمس کی چھٹی کو ختم کر دیا۔ کیا ان کو عیسائی براداران کے مذہبی جذبات کی کوئی قدر نہیں؟‘‘