ریاست مغربی بنگال میں سات مہینوں کے بعد جمعرات کو کچھ ملٹی پلیکس اور سنیما ہال عوام کے لئے دوبارہ کھول دیے گئے۔
سینما ہال کے عہدیداروں نے بتایا کہ کووڈ 19 پروٹوکول پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ دوسری طرف سنیما ہال اور ملٹی پلیکس آہستہ آہستہ جمعہ سے 21اکتوبر تک کھل جائیں گے۔ ملٹی پلیکس چین آئی نوکس کے ترجمان نے کہا کہ ’’ہمارے دو ملٹی پلیکس آج کوویڈ 19 پروٹوکول کی سختی سے پابندی کے ساتھ دوبارہ کھل گئے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ایک سیٹ چھوڑ کر ایک سیٹ کو خالی رکھا جاتا ہے 50فیصد سیٹ پر ہی ٹکٹ بکینگ کی جا رہی ہے۔
ٹکٹ اور فوڈ کاؤنٹر کے قریب فرش پر ایک دوسرے سے فاصلہ رکھنے کے لئے علامات بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ملٹی پلیکس بھی آہستہ آہستہ دوبارہ کھول دیئے جائیں گے۔ جبکہ ای ٹکٹ کے ذریعہ ہی سنیما ہال میں داخلہ ممکن ہے۔
مزید پڑھیں: کولکاتا: تہواروں کے موسم میں کاروباری مایوس
کولکتا کے سوابھومی اور شمالی 24پرگنہ ضلع کے میدھے گرام میں واقع ملٹی پلیکس میں کیو آر کوڈ اسکینر نصب کیے گئے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ تھرمل اسکریننگ داخلی راستے پر لگایا گیا ہے۔ بخار کی علامات والے افراد کو سنیما ہال میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سماجی فاصلے کا خیال رکھا جا رہا ہے۔