اردو

urdu

بنگال: 24 گھنٹے میں کورونا وائرس سے 24 اموات

By

Published : Apr 15, 2021, 9:45 PM IST

دارالحکومت کولکاتا کے این آر ایس میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال میں ایک ہی دن میں کورونا میں مبتلا چارمریضوں کی موت ہوئی ہے، جبکہ بنگال میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 24 ہے۔

بنگال: 24 گھنٹے میں کورونا وائرس سے 24 اموات
بنگال: 24 گھنٹے میں کورونا وائرس سے 24 اموات

مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات 2021 کی سرگرمیوں کے دوران کورونا وائرس کی دوسری لہر بھیانک شکل اختیار کرچکی ہے, مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا، شمالی 24 پرگنہ، جنوبی 24 پرگنہ اور ہوڑہ سمیت مختلف اضلاع میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے۔

دارالحکومت کولکاتا میں واقع 'این آر ایس میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال' میں ایک ہی دن میں کورونا میں مبتلا چار مریضوں کی موت کے بعد ہسپتال انتظامیہ پر سوال اٹھنے لگے ہیں۔ ذرائع کے مطابق این آر ایس میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال کے کورونا یونٹ میں زیر علاج مریضوں میں سے چار کی موت ہوئی ہے۔ اس تعلق سے ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ' مریضوں کی موت کا الزام ہسپتال پر عائد کرنا غلط ہے۔ کیونکہ اس سے ہسپتال سے متعلق عام لوگوں میں غلط پیغام جائے گا۔

ہسپتال انتظامیہ نے کہا کہ'علاج کے دوران کسی بھی قسم کی کوئی لاپرواہی نہیں برتی گئی ہے، لوگوں کو ہسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹروں پر بھروسہ کرنا چاہئے'۔ ہلاک شدہ افراد کے اہل خانہ نے بتایا کہ' دو دنوں قبل مریض نے فون کرکے آکسیجن کی کمی کی شکایت درج کرائی تھی۔ اس کے بعد ہسپتال انتظامیہ نے مریض کے ہاتھوں سے موبائل چھین لیا، اس کے بعد سے مریض سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا اور آج اس کی موت ہو گئی'۔

واضح رہے کہ مغربی بنگال میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پانچ ہزار سے زائد نئے کورونا متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 24 لوگوں کی موت بھی ہوئی ہے۔مغربی بنگال میں کورونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد تقریباً دس لاکھ ہے، جبکہ اس بیماری سے اب تک گیارہ ہزار لوگوں کی موت ہوچکی ہے'۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details