مغربی بنگال کے نندی گرام علاقے میں آج وزیر اعلی ممتا بنرجی پر حملے کے بعد سینکڑوں حامیوں نے ایس ایس کے ایم ہسپتال کے باہر جمع ہو کر حملے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
ممتا بنرجی کی عیادت کے لئے ترنمول کانگریس کے رہنما فرہاد حکیم، سجیت بوس ودیگر رہنما پہنچے ہوئے ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ انہیں علاج کے لیے دو دن تک ہسپتال میں رکھا جائے گا۔
ترنمول کانگریس کی سربراہ اور وزیر اعلی ممتا بنرجی پر آج ان کے اسمبلی حلقہ نندی گرام میں انتخابی مہم کے دوران مبینہ طور پر حملہ کیا گیا ہے۔ ممتا بنرجی نے خود حملے کے بعد بیان دیا تھا کہ ان پر سازش کے تحت حملہ کیا گیا ہے۔
ممتا بنرجی کو ہاتھ، پاؤں اور کاندھے میں چوٹ آئی ہے۔ حادثے کے فوراً بعد انہیں علاج کے لئے کولکاتا لایا گیا۔ فی الحال ممتا بنرجی کولکاتا کے ایس ایس کے ایم ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔