ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا میں واقع زکریا اسٹریٹ جہاں عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی منڈی میں سناٹا چھایا ہوا ہے۔ ہر برس جہاں سیکنڑوں کی تعداد میں قربانی کے جانوروں دستیاب ہوتے تھے۔ وہاں سناٹا ہے۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے علی گڑھ اور راجستھان اور دوسری جگہوں کے کاروباری اس بار یہاں نہیں پہنچ سکیں ہیں۔
کورونا وائرس نے زندگی کے ہر شعبے کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ہر قسم کے کاروبار و روزگار پر کورونا وائرس کی وجہ سے لگنے والے لاک ڈاؤن کی شدید مار پڑی ہے۔ کئی چھوٹی چھوٹی صنعتیں مکمل طور پر بند ہو چکی ہیں۔ اس لاک ڈاؤن کا تہواروں ہر بھی اثر پڑا ہے۔ آئندہ یکم اگست کو پورے ملک میں عید الاضحی منایا جائےگا۔
عیدالاضحی کے موقع پر ہر برس بڑے پیمانے پر قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت یہاں ہوتی تھی ۔عیدالاضحی کے موقع پر کولکاتا کے زکریا اسٹریٹ میں قربانی کے جانوروں کی بڑی منڈی لگتی ہے۔ جہاں ملک کی مختلف ریاستوں سے جانوروں کے کاروباری پہنچتے ہیں۔ سینکڑوں کی تعداد میں قربانی کے جانور دستیاب ہوتے ہیں۔ لیکن اس بار زکریا اسٹریٹ کا نظارہ بالکل مختلف ہے۔ جہاں جانوروں کی بڑی منڈی لگتی تھی وہاں سناٹا چھایا ہوا ہے۔ تین سے چار کاروباری ہی چند جانوروں کے ساتھ نظر آئے۔ اس بار دوسری ریاستوں سے کوئی جانور لیکر یہاں نہیں آیا ہے۔