بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش نے کہا ہے کہ ترنمول کانگریس کی قیادت میں بنگال میں ویکسین سنڈیکیٹ چل رہا ہے۔ جب کہ بی جے پی کے جنرل سیکریٹری سیانتن باسو نے اس معاملے کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔ وہیں، اپوزیشن لیڈر شوبھندو ادھیکاری اور دیگر ممبران کے ساتھ محکمہ صحت کے دفتر میں پہنچ کر میمورنڈم دیتے ہوئے اس معاملے میں اعلیٰ سطح کی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔
شوبھندو ادھیکاری نے کہا کہ ’’یہ ایک بڑی سازش ہے، اس کی کسی بھی بڑی ایجنسی سے تفتیش کی جانی چاہئے۔ سی بی آئی ایک آئینی ادارہ ہے جو اس تفتیش کے لئے اہل ہے۔ جعلی ویکسین سے ابھی تک کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ لیکن ممکن ہے کہ یہ نریندر مودی کو بدنام کرنے کی سازش ہو، اس لئے اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں حکمران جماعت کے ممبران ملوث ہیں۔
محکمہ صحت کے دفتر میں میمورنڈم دینے سے قبل شوبھندو ادھیکاری نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’جعلی ویکسی نیشن کیس میں پھنسے جعلی آئی اے ایس افسر کا معاملہ سامنے آنے کے بعد یہ ظاہر ہوگیا ہے کہ ریاست میں محکمہ صحت کی صورت کیا ہے۔ جب کہ ایک رکن پارلیمنٹ کو جعلی ویکسینیشن لگ سکتا ہے تو عام آدمی کی حفاظت کیسے ہوسکتی ہے۔‘‘