مغربی بنگال مدرسہ کی تاریخ میں ہائی مدرسہ امتحانات میں پہلی تین پوزیشن پر چار لڑکیوں نے قبضہ جمایا ہے۔ ان چار لڑکیوں کا تعلق مالدہ اور مرشدآباد ضلع سے ہے۔
مغربی بنگال بورڈ آف مدرسہ ایجوکیشن نے کل ہائی مدرسہ، عالم اور فاضل امتحانات 2021 کے نتائج کا اعلان کیا تھا۔ اس سال تعلیم حاصل کرنے والوں میں 65 فیصد لڑکیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ عہداروں کے مطابق لڑکیوں نے لڑکوں سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ مدرسہ بورڈ کے صدر ابوطاہر قمر الدین نے کہا کہ ہم نے اس سال میرٹ فہرست شائع نہیں کی ہے۔ درجہ بندی کرنا ممکن نہیں ہوگا لیکن جو بات اہم ہے وہ یہ ہے کہ اس سال لڑکوں کے مقابلہ لڑکیوں نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ان کی تعداد میں اضافہ بھی ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال ہائی مدرسہ، عالم اور فاضل میں مجموعی طور پر 74,267 شریک ہوئے اور یہ گزشتہ سال کے مقابلے 5 فیصد زیادہ ہے اور ڈراپ آؤٹ کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔
مالدہ کے نیموزا ہائی مدرسہ کی طالبہ سعدیہ صدیقہ نے 800 میں سے 797 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ ایک پرائمری اسکول ٹیچر کی بیٹی صدیقہ بارہویں جماعت کے بعد میڈیسن کی تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہے۔ صدیقہ نے کہا کہ میں نے کبھی بھی ٹاپر بننے کے بارے میں نہیں سوچا تھا لیکن مجھے اچھے نتائج پر اعتماد تھا۔میں ڈاکٹر بننا چاہتی ہوں ، اور اب اس کےلئے تیاری کروں گی۔