ریاست مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات عنقریب ہے، جس کے پیش نظر حکمراں جماعت ترنمول کانگریس سمیت تمام اپوزیشن پارٹیز نے تیاریاں شروع کردی ہیں۔
بیربھوم ضلع ترنمول کانگریس کے صدر انو برتا منڈل کا کہنا ہے کہ 'بہار اسمبلی انتخابات میں تیجسوی یادو کی قیادت میں حکومت بننی چاہیے تھی لیکن ایسا نہیں ہوا اس پر بے حد افسوس ہے'۔
انہوں نے کہا کہ بہار اسمبلی انتخابات کے اسدالدین اویسی کی سیاسی جماعت کو کامیابی تو ملی لیکن ان کے رول کو لے کر شبہ ہے۔
انو برتا منڈل کا کہنا ہے کہ آل انڈی مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) ووٹ کاٹنے والی پارٹی بن کر ابھری ہے، اس پارٹی کی وجہ سے عظیم اتحاد کو بہت نقصان پہنچا ہے۔
ترنمول کانگریس کے ضلع صدر نے کہا کہ 'اے آئی ایم آئی ایم کو بہار اسمبلی انتخابات میں کامیابی ملی یہ اچھی بات ہے لیکن بنگال پر اس کا کوئی اثر پڑنے والا نہیں ہے'۔
انہوں نے کہا کہ 'مغربی بنگال کے مسلمان بہت ہی عقلمند ہیں اور وہ باہری لوگوں کی باتوں میں آنے والے نہیں ہیں'۔
ترنمول کانگریس کے رہنما کے مطابق 'اویسی اگر بنگال اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کوئی منصوبہ بنارہے ہیں تو وہ ارادہ ترک کردیں، کیوں کہ انہیں بنگال میں کامیابی ملنے والی نہیں ہے'۔