اے آئی ایم آئی ایم کی ریاستی کمیٹی نے اعلان کیا کہ مغربی بنگال میں آئندہ منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کو اتارا جائے گا۔ پارٹی کے مطابق ریاست میں بہت سے مقامی مسائل ہیں جنہیں حل کرنے میں ترنمول کانگریس حکومت ناکام رہی ہے۔ ان مقامی مسائل کے ساتھ عوام کے درمیان جائیں گے اور الیکشن لڑیں گے۔ پارٹی کی جانب سے زیادہ سے زیادہ حلقوں میں امیدواروں کو ٹکٹ دیے جائیں گے۔
مغربی بنگال میں بہت جلد بلدیاتی انتخابات منعقد ہوں گے۔ کولکاتا کارپوریشن اور ہوڑہ کارپوریشن کے انتخابات کی تاریخوں کا اعلان بھی کیا جا چکا ہے جبکہ دیگر کارپوریشن اور میونسپل انتخابات کی تاریخوں کا بھی عنقریب اعلان کیا جائے گا۔
کوورنا وبا کی وجہ سے معیاد پوری ہونے کے باوجود بلدیاتی انتخابات منعقد نہیں کئے گئے تھے لیکن اب حالات میں بہتری آنے کے بعد ریاست میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا ریاستی الیکشن کیمیشن کی جانب سے اجازت مل چکی ہے۔
ریاستی الیکشن کمیشن نے کچھ روز قبل کولکاتا و ہوڑہ کارپوریشن کے انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا تھا جو 19 دسمبر کو منعقد ہوں گے۔ ایم آئی ایم کے ریاستی کمیٹی کے رکن عمران سولنکی اور ایس صابر غفار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا کہ کولکاتا اور ہوڑہ کارپوریشن کے انتخابات پارٹی قسمت آزمائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کولکاتا کارپوریشن میں 50 اور ہوڑہ کارپوریشن کے 15 سیٹوں کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں پارٹی امیدوار کو ٹکٹ دیے جائیں گے۔
ایم آئی ایم ریاستی کمیٹی کے رکن صابر غفار نے کہا کہ ہم مقامی ایشوز کے بنا پر کارپوریشن کا الیکشن لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی ممتا بنرجی، اردو کو دوسری سرکاری زبان بنانے کا دعوی کرتی ہیں لیکن سرکاری دفاتر اور تھانے میں کوئی کام اردو میں نہیں ہوتا ہے۔