ریاست اترپردیش کے ضلع اناؤ کے گنگا گھاٹ کوتوالی علاقہ میں واقع بسدھرا گاؤں کے رہائشی ایئر فورس کے جوان پرتیک سنگھ کو نامعلوم شرپسندوں نے گولی مار کر ہلاک کردیا۔ وہ جموں و کشمیر میں تعینات تھے اور چھٹی پر گھر آئے تھے۔ گاؤں والوں نے بسدھرا گاؤں کے باہر لاش کو دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔ موقع پر پہنچی پولیس نے لاش کو لے کر معاملے کی جانچ شروع کردی ہے۔ اہل خانہ کے مطابق جوان گزشتہ رات سے ہی گھر سے لاپتہ تھا۔
اناؤ میں فضائیہ کے ایک جوان کا قتل - ایئرفورس کے جوان پرتیک سنگھ کا قتل
یوپی کے ضلع اناؤ میں فضائیہ کے ایک جوان جو چھٹی پر گھر آئے تھے، نامعلوم شرپسندوں نے گولی مار کر انہیں ہلاک کردیا۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ جوان پیر کی رات سے لاپتہ تھا۔
اطلاع کے مطابق 11 جون کو پرتیک سنگھ جموں وکشمیر سے اپنے گاؤں پریم نگر آئے ہوئے تھے، جہاں وہ کل رات بغیر کسی اطلاع کے گھر سے لاپتہ تھے، اس بات کی اطلاع پرتیک کے بھائی پربھات نے پولیس کو دی۔ گھر والے ہر جگہ پرتیک کو ڈھوندھتے رہے لیکن کہیں اس کا پتہ نہیں چلا۔ منگل کی صبح مقامی لوگوں نے پرتیک کی لاش کو بسدھرا گاؤں کے باہر خون میں لت پت دیکھا، جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔
لاش کے قریب سے ایک کارتوس کا کیس برآمد ہوا ہے۔ ابھی تک قاتلوں کے تعلق سے کچھ بھی پتہ نہیں چلا ہے ۔ اطلاع ملنے پر سی او سٹی اور دو تھانوں کی نفری موقع پر پہنچ گئی ہے۔