جموں و کشمیر کی حکومت نے کووِڈ19وَبا کے دوران سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے لئے لاگو مڈ ڈے میل (Mid Day Meal) اسکیم کی بلا خلل عمل آوری کے لئے متعدد اِقدامات اٹھائے۔ جن میں سکیم کو کامیاب اور نتیجہ خیز بنانے کے لئے مستحق بچوں کو فوڈ سیکورٹی الاؤنس (خشک راشن اور اس کو پکانے کی لاگت) فراہم کیا گیا۔
سکیم کے تحت لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے 6 مارچ کو سکول ہیلتھ کارڈ پروگرام شروع کیا تھا جس کا مقصد یونین ٹیریٹری میں مختلف سرکاری سکولوں میں درج زائد از 12لاکھ بچوں کی صحت کو بہتر بنانا ہے اور جموں و کشمیر کے دونوں صوبوں میں منگل کو اِن کارڈوں کی تقسیم کا کام شروع کیا گیا۔ دریں اثنا سکولوں کے بند ہونے کے پیش نظر بچوں کو دو ماہ کا خشک راشن براہِ راست فراہم کیا گیا جبکہ پکانے کی لاگت اُن کے بینک کھاتوں میں جمع کی جا رہی ہے۔