کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے اقدامات کو مزید مستحکم کرتے ہوئے جموں وکشمیر حکومت نے ایک اہم فیصلے کے تحت پنجاب، ہماچل پردیش اور لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ بین ریاستی سرحدوں کو مکمل طور سے بند کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ اسی طرح گاڑیوں کی بین ضلع نقل و حمل کو بھی ضرورت کے مطابق محدود کیا جائے گا۔
تاہم لازمی خدمات کے ساتھ وابستہ گاڑیاں معمول کے مطابق چلیں گی اور سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی نقل و حمل میں بھی معقولیت لائی جائے گی۔یہ فیصلہ پیر کے روز یہاں چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران لیا گیا۔ پرنسپل سیکرٹری داخلہ شالین کابرا، پرنسپل سیکرٹری مکانات و شہری ترقی دھیرج گپتا، پرنسپل سیکرٹری منصوبہ بندی، ترقی و اطلاعات روہت کنسل، ڈویژنل کمشنر جموں سنجیو ورما، آئی جی جموں زون مکیش سنگھ، سیکرٹری پی ڈی ڈی ایم راجیو، سیکرٹری ڈی ایم آر آر سمرن دیپ سنگھ اور کئی دیگر اعلیٰ افسران میٹنگ میں موجو دتھے۔