نمائندے کے مطابق جموں کے ڈوگرہ چوک میں سابق وزیر سکھ نندن چودھری نے اپنے چند حامیوں سمیت پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ (پی ڈی ڈی) کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے سڑک پر دھرنا دیا۔
سابق مخلوط حکومت کے دوران وزیر رہنے والے سکھ نندن کے دھرنے پر بیٹھنے کی وجہ سے جموں شہر میں شدید ٹریفک جام سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
سابق وزیر کا محکمہ بجلی کے خلاف احتجاج، جموں میں شدید ٹریفک جام گاندھی نگر سے بخشی نگر اور گوجر نگر میں ٹریفک جام کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھنے کو ملی، بعض مسافروں نے سامان کندھوں پر لیے پیدل چلنے کو ہی ترجیح دی۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے سکھ نندن چودھری کا کہنا تھا کہ ’’محکمہ بجلی جموں شہر کے باشندوں کو بجلی دینے میں ناکام رہا ہے شدت کی گرمی میں بجلی نایاب ہے۔‘‘
انکا کہنا تھا کہ پچھلے دنوں اکھنور پاور اسٹیشن میں خرابی کے باعث علاقے میں لگاتار چالیس گھنٹوں تک بجلی غائب رہی۔
وہیں اس احتجاج کے سبب ٹریفک جام میں پھنسے لوگوں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دھرنا یا احتجاج عوام کی مشکلات کو دور کرنے کے لئے کیا جاتا ہے نہ کہ انہیں حیران و پریشان کرنے کے لئے۔
قابل ذکر ہے کہ سرمائی دارالحکومت جموں میں گرمیوں کے ایام میں جبکہ گرمائی دارالحکومت سرینگر میں سردیوں میں زبردست بجلی کی کٹوتی کی جاتی ہے۔