ڈی سی سی انتخاب کے تحت ضلع کٹھوعہ میں پولنگ انتہائی پر امن طریقے سے ہوئی، کٹھوعہ کے پہاڑی علاقے مانڈلی اور مہانپور میں الیکشن ہوئے تھے۔ ان دونوں علاقوں میں سے کل 13 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ای وی ایم میں بند ہوچکا ہے۔
کٹھوعہ میں جوش و خروش سے کی گئی ووٹنگ ان علاقوں کے کل 52 ہزار رائے دہندگان میں سے 30 ہزار 252 رائے دہنگان نے ہی اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ہے، یہاں ووٹنگ فیصد 61 فیصد رہا۔
----------------------------------
پلوامہ میں ڈی ڈی سی الیکشن کا دوسرا مرحلہ کسی ناخوشگوار واقعے کے بغیر اختتام پذیر ہوا ہے۔
جہاں پہلے مرحلے میں پلوامہ کے ایچھگوزہ بلاک میں سب سے کم 6.70 فیصد پولنگ درج کی گئی وہیں آج پلوامہ کے ہی شادی مرگ میں سب سے کم 1.36 فیصد پولنگ درج کی گئی ہے۔
اس ضمن میں کسی بھی ناسازگار حالات سے نمٹنے کے لیے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
مقامی لوگ جو کیمرہ کے سامنے آنے سے گریز کررہے تھے، ان کا کہنا تھا کہ وہ اس انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے کیونکہ نہ ہی یہاں کسی طرح کا کوئی ترقیاتی کام ہو رہا ہے اور نہ ہی کچھ اور، لہذا ان انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔
------------------------------------
شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے تحصیل ہیڈ کوارٹر سوپور سے تقریباً سات کلو میٹر دور ڈانگر پورہ زینگیر میں آج دوسرے مرحلے کی ووٹنگ پرامن طریقے سے اختتام پزیر ہوئی، اسی کے ساتھ ساتھ اس بار لوگوں نے ڈی ڈی سی انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
اس بار ڈانگرپورہ زینگیر کے ڈی ڈی سی انتخابات میں کل 15 امیدوار اپنی قسمت آزمانے کیلے میدان میں اترے تھے جن میں 12 امیدوار آزاد جبکہ گانگریس، اپنی پارٹی اور بی جے پی کی جانب سے ایک ایک امیدوار میدان میں تھا۔
بارہمولہ میں لوگوں نے علاقے کی ترقی کے لیے ڈالا ووٹ اس بار لوگوں نے اپنے ووٹ کا استعمال کرکے میڈیا کو بتایا کہ 'ہم اپنے ووٹ کا استعمال صرف ترقی کے لیے کررہے ہیں'۔
نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں نے بھی اپنے ووٹ کا استعمال کرکے میڈیا سے بتایا کہ 'جو نا انصافی آج تک یہاں کے لوگوں کے ساتھ کی گئی ہے اسے دور کرنے کے لیے ہم اپنے ووٹ کا استعمال کررہے ہیں'۔
ڈانگرپورہ زینگیر میں ووٹروں کی کل تعداد 36 ہزار 547 ہے۔ 2 ہزار 698 خواتین اور 3 ہزار 632 مرد رائے دہندگان نے ووٹ ڈالے ہیں۔
---------------------
جموں و کشمیر میں آٹھ مراحل میں منعقد ہونے والے ڈی ڈی سی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ضلع ڈوڈہ کے دو حلقہ انتخاب بھاگواہ اور کاستی گڑھ میں پر امن طریقے سے ووٹ ڈالے گئے۔
حلقہ انتخاب بھاگواہ میں بھاری تعداد میں رائے دہندگان نے سات امیدواروں کے حق میں اپنے ووٹ ڈالے جبکہ 15 پنچائتوں پر مشتمل انتخابی حلقہ کاستی گڑھ میں چند فیصد رائے دہندگان نے ہی اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
یہاں سخت سردی کے باوجود صبح سویرے ہی رائے دہندگان جن میں نوجوان، بزرگ سبھی شامل تھے، نے جوش و جذبے کے ساتھ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
ڈوڈہ میں سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان پولنگ کاستی گڑھ حلقہ انتخاب میں کُل 17 ہزار 755 رائے دہندگان میں سے 11 ہزار 666 ووٹرز نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
جبکہ بھاگواہ میں کُل 17 ہزار 680 ووٹرز ہیں جن میں سے 11 ہزار 29 رائے دہندگان نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ اس طرح ضلع میں ووٹنگ کی مجموعی شرح 64.8 درج کی گئی ہے۔
ضلع میں دوسرے مرحلے کی ووٹنگ کا عمل صاف و شفاف طریقہ سے اختتام پذیر ہوا اور کسی بھی جگہ سے کوئی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ہے۔