قومی کمیشن برائے خواتین (این سی ڈبلیو) کی چیئر پرسن ریکھا شرما نے جموں وکشمیر میں خواتین کو درپیش مسائل خصوصا گھریلو اور خاندانی تشدد سے متعلق دریافت کرنے کے علاوہ مہیلا جنسنوائی پروگرام کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے جموں و کشمیر کا اپنا پہلا دورہ کیا۔
ریکھا شرما، جو جموں و کشمیر کے ایک ہفتہ طویل دورے پر ہیں، ان کے ساتھ این سی ڈبلیو میں کونسلر نیہا مہاجن گپتا بھی موجود ہیں۔
دورے کے پہلے ہی دن چیئر پرسن نے محکمہ سوشل ویلفیئر (ایس ڈبلیو ڈی) کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی۔ انہوں نے ماہ فروری میں منعقدہ مہیلا جنسنوائی پروگرام کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
میٹنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے، ریکھا شرما نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے ایس ڈبلیو ڈی کے پاس دستیاب اسکیموں کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔
انہوں نے گھریلو تشدد کا نشانہ بننے والی خواتین تک پہنچنے پر صنفی مسائل سے حساس ہونے پر زور دیا۔ انہوں نے ریاست جموں و کشمیر کے مرکز میں قائم مختلف ون اسٹاپ سینٹرز کے کام کا جائزہ بھی لیا۔